عوام سے اتنا ڈرتے کیوں ہیں یہ لوگ؟ ریفرنڈم سے آخر کیا خراب ہو جائے گا؟ ,ارشاد بھٹی

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) سینئر صحافی ارشاد بھٹی نے جیو نیوز کے پروگرام رپورٹ کارڈ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ریفرنڈم سے مزید کیا معاملات خراب ہو جائیں گے، کسی کی کرپشن سامنے آجائے گی، دو نمبری سامنے آجائے گی یا جعلی ووٹ باہر نکل کر گر پڑیں گے، آخر ریفرنڈم کو اتنا بڑا مسئلہ کیوں بنا دیا گیا ہے، عوام سے اتنا ڈرتے کیوں ہیں یہ لوگ؟
ارشاد بھٹی کا کہنا تھا کہ دو شاہی خاندان اور ان کے باقی سازوسامان کو آخر اتنا ڈر کس بات کا ہے، کیا پیسے، اختیارات اور تخت تقسیم ہو جائیں گے، بس یہی مسئلہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر یہ مؤقف ہے کہ موجودہ اسمبلی نئے صوبے بنانے کا مینڈیٹ نہیں رکھتی تو کیا اسی اسمبلی کے پاس 26ویں اور 27ویں آئینی ترامیم کرنے اور آئین کے بنیادی ڈھانچے کو تباہ و برباد کرنے کا مینڈیٹ تھا؟ وہ ترامیم تو ہو گئیں اور ممکن ہے 28ویں ترمیم بھی ہو جائے، اس سے پہلے بھی آرڈیننس اور قانون سازیاں ہوتی رہی ہیں تو پھر نئے صوبوں کے معاملے پر کیا مسئلہ ہے؟
ارشاد بھٹی نے کہا کہ پہلے دن سے سمجھانے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ صوبے لسانی بنیادوں پر نہیں بلکہ انتظامی بنیادوں پر بنیں گے، اس معاملے میں لسانیت کہاں سے آگئی؟ صوبوں کے قیام سے لسانیت پھیلنے کے بجائے ختم ہوگی، اس حوالے سے کئی بار گفتگو اور ٹی وی پروگرام بھی ہو چکے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ سب نے مل کر اس سیدھے سادے معاملے کو متنازع بنایا ہے، کسی نے بول کر، کسی نے خاموش رہ کر، کسی نے اپنے جذباتی پن اور کسی نے اپنی پراسرار خاموشی سے اس معاملے کو متنازع بنایا، اور یہ سب کچھ ایک بڑے اسکرپٹ کے تحت کیا گیا۔
محسن نقوی کی پارلیمنٹ سے باہر سیمینار یا کانفرنس میں اس معاملے پر گفتگو کے حوالے سے ارشاد بھٹی کا کہنا تھا کہ اگر انہوں نے پارلیمنٹ سے باہر بات کر دی تھی تو کیا گناہ کر دیا؟ کیا پارلیمنٹ سے باہر کوئی بات نہیں ہو سکتی؟ جب سب کو معلوم ہے کہ معاملہ پارلیمنٹ میں جانا ہے اور وہیں آئینی و سیاسی طریقہ کار کے مطابق حل ہونا ہے تو کسی سیمینار میں بات کرنے سے کیا فرق پڑتا ہے؟
انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو، شہباز شریف اور نواز شریف پارلیمنٹ میں اس معاملے پر بات کر چکے ہیں، مریم نواز نے بھی پنجاب میں اس بحث کو آگے بڑھایا ہے، لیکن باقی لوگ پارلیمنٹ سے باہر ہی ایک دوسرے کو دھمکیاں دے رہے ہیں، کوئی ٹی وی پروگرام میں بیٹھا ہے تو کوئی پریس کانفرنس کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ریفرنڈم کو ماضی سے جوڑنے کی ضرورت نہیں، 2026 میں آٹھ ممالک میں ریفرنڈم ہو چکے ہیں، اگر پارلیمنٹ فارم 47 اور فارم 45 کے تنازع میں گھری ہوئی ہے تو عوام کے پاس جائیں اور ان سے اس معاملے پر رائے لیں، ریفرنڈم کا عمل بھی پارلیمنٹ سے شروع ہونا ہے اور مکمل ہو کر واپس پارلیمنٹ میں ہی آنا ہے تو پھر مسئلہ کیا ہے؟
ارشاد بھٹی نے پیش گوئی کی کہ انہیں لگتا ہے کہ ریفرنڈم ہوگا اور اس کے لیے ماحول بن رہا ہے، تھوڑی بہت تفریق کے بعد سب ریفرنڈم پر متفق ہو جائیں گے، اگر کوئی اس پر متفق نہیں ہوتا تو وہ بے نقاب ہو جائے گا کہ آخر عوام کے پاس معاملہ لے جانے سے کیوں روکا جا رہا ہے۔
