بلوچستان ہائیکورٹ ‘ وفاقی محکموں و کیسکو بھرتیوں میں پشتون اضلاع کو نظرانداز کرنے کیخلاف نصراللہ خان زیرے کی آئینی درخواست سماعت کیلئے منظور، ضلع وار تفصیلات طلب:

ہائیکورٹ نے کیس کی آئندہ سماعت 30 نومبر مقرر کر دی، پشتون اضلاع کے اہل نوجوانوں کو آئینی حقوق سے محروم نہیں ہونے دینگے: پشتونخوا نیپ


کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے صوبائی سیکرٹریٹ سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ پارٹی کے صوبائی صدر نصراللہ خان زیرے نے کیسکو سمیت مختلف وفاقی محکموں میں سرکاری ملازمتوں کی بھرتیوں کے دوران پشتون اضلاع کو نظرانداز کرنے، مقررہ کوٹے کی خلاف ورزی اور غیر شفاف طریقۂ کار کے خلاف دائر کردہ آئینی درخواست کو ہائی کورٹ کی جانب سے باقاعدہ سماعت کے لیے منظور کرنے اور متعلقہ وفاقی محکموں سے ضلع وار خالی آسامیوں کی تفصیلات طلب کرنے کے فیصلے کو اہم پیش رفت قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ پشتون اضلاع کے اہل اور تعلیم یافتہ نوجوانوں کو ان کے آئینی و قانونی حقوق سے محروم رکھنے کی کسی بھی کوشش کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ بیان میں کہا گیا کہ وفاقی سرکاری محکموں، بالخصوص کیسکو میں بھرتیوں کے دوران صوبے کے پشتون اضلاع کے مقررہ کوٹے کو نظرانداز کرنا میرٹ اور شفافیت کے اصولوں کی خلاف ورزی اور اہل نوجوانوں کے ساتھ ناانصافی کے مترادف ہے۔ سرکاری ملازمتوں میں سیاسی سفارش، اقربا پروری اور واک اِن انٹرویوز جیسے غیر شفاف طریقۂ کار کے ذریعے بھرتیاں کرنے سے نہ صرف میرٹ کی پامالی ہوتی ہے بلکہ صوبے کے پسماندہ اضلاع کے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع سے بھی محروم رکھا جاتا ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی نے ان ناانصافیوں کے خلاف آئینی و قانونی راستہ اختیار کرتے ہوئے آئینی درخواست نمبر 2026/1812 دائر کی ہے، جسے معزز ہائی کورٹ نے باقاعدہ سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے متعلقہ وفاقی محکموں سے ضلع وار خالی آسامیوں کی تفصیلات طلب کر لی ہیں اور صوبے کے تمام اضلاع کے کوٹے کی منصفانہ تقسیم، شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنانے سے متعلق ہدایات جاری کی ہیں۔ درخواست کی آئندہ سماعت 30 نومبر 2026 کو مقرر کی گئی ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ سرکاری ملازمتیں کسی کی ذاتی جاگیر نہیں بلکہ صوبے کے تمام اضلاع کے اہل نوجوانوں کا آئینی اور قانونی حق ہیں۔ حکومت اور متعلقہ وفاقی اداروں کی ذمہ داری ہے کہ بھرتیوں کے عمل میں آئین، قانون، مقررہ علاقائی کوٹے اور میرٹ کی مکمل پاسداری کریں اور کسی بھی ضلع کے نوجوانوں کے ساتھ امتیازی سلوک روا نہ رکھیں۔ بالخصوص پشتون اضلاع کے نوجوان پہلے ہی تعلیمی، معاشی اور روزگار کے محدود مواقع کا سامنا کر رہے ہیں، ایسے حالات میں ان کے جائز حصے کو نظرانداز کرنا ان کے مستقبل کے ساتھ سنگین ناانصافی ہے۔ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی نے واضح کیا کہ وہ پشتون اضلاع سمیت صوبے کے تمام علاقوں کے نوجوانوں کے روزگار کے آئینی حقوق، مقررہ کوٹے کی منصفانہ تقسیم اور میرٹ کے تحفظ کے لیے اپنی سیاسی، جمہوری اور قانونی جدوجہد جاری رکھے گی اور کسی بھی ادارے کو غیر منصفانہ بھرتیوں کے ذریعے عوام کے حقوق سلب کرنے کی اجازت نہیں دے گی۔

WhatsApp
Get Alert