سوئی کی گیس سے پورا ملک مستفید ہو رہا ہے مگر مقامی عوام قلت، کم پریشر اور بھاری بلوں کا شکار ہیں: مولانا ہدایت الرحمٰن

شدید سردی میں گیس و بجلی کی لوڈشیڈنگ اور ایل پی جی کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافے نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی، فوری ریلیف دیا جائے: وفود سے گفتگو


کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) امیر جماعت اسلامی بلوچستان و رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے کہا ہے کہ بلوچستان بالخصوص کوئٹہ میں گیس اور بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ بلوچستان کے ضلع سوئی سے نکلنے والی گیس سے پورا ملک مستفید ہو رہا ہے لیکن افسوس کہ گیس پیدا کرنے والے صوبے کے عوام خود گیس کی قلت، بھاری بلز، کم پریشر اور طویل لوڈشیڈنگ کا سامنا کر رہے ہیں۔ دوسری جانب ایل پی جی کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافہ اور بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف وفود سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے وفاقی و صوبائی حکومت اور محکمہ گیس کے حکام سے مطالبہ کیا کہ بلوچستان بالخصوص سرد علاقوں میں گیس کی فراہمی، کم پریشر، لوڈشیڈنگ، ایل پی جی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں اور بجلی کی طویل بندش کا فوری نوٹس لیا جائے اور عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے۔ مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے کہا کہ بلوچستان کے سرد علاقوں کے عوام ہر سال موسم سرما شروع ہوتے ہی گیس کی لوڈشیڈنگ، کم پریشر، بھاری اور مبینہ غلط بلوں جیسے مسائل سے دوچار ہو جاتے ہیں۔ شدید سردی میں گیس کی عدم دستیابی کے باعث بچوں، بزرگوں، خواتین اور مریضوں سمیت تمام شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ عوام بارہا احتجاج، ہڑتال اور متعلقہ حکام سے شکایات کر چکے ہیں، مگر تاحال ان کے مسائل حل نہیں کیے جا رہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کو اپنے ہی صوبے کے قدرتی وسائل سے محروم رکھنا افسوس ناک ہے۔ گیس پیدا کرنے والے علاقوں اور صوبے کے شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے۔ عوام بھاری بل ادا کرنے کے باوجود گیس اور بجلی جیسی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں، جو ان کے ساتھ سراسر ناانصافی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ سرد علاقوں میں موسم سرما کے دوران گیس کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنائی جائے، گیس پریشر میں اضافہ کیا جائے، غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ ختم کی جائے، بجلی کی طویل بندش کا خاتمہ اور غلط و بھاری بلوں کی اصلاح کی جائے، جبکہ ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافے کو بھی کنٹرول کیا جائے۔ مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے کہا کہ بلوچستان کے عوام پہلے ہی مہنگائی، بے روزگاری اور بدامنی سمیت متعدد مسائل کا شکار ہیں، ایسے میں سرد موسم کے دوران گیس اور بجلی کی عدم دستیابی ان کی مشکلات میں مزید اضافہ کر رہی ہے۔ حکومت زبانی وعدوں کے بجائے عملی اقدامات کرے اور عوام کے بنیادی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرے۔

WhatsApp
Get Alert