ٹوبہ ٹیک سنگھ میں المناک حادثہ، ایک ہی خاندان کے 11 افراد جاں بحق

شادی سے واپسی پرکار ٹریکٹر ٹرالی سے ٹکرا گئی، جاں بحق افراد میں 6 معصوم بچے، 3 مرد اور 2 خواتین شامل، پورا علاقہ سوگوار


ٹوبہ ٹیک سنگھ(قدرت روزنامہ)پنجاب کے ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ میں شادی کی خوشیاں ایک ہی خاندان کے لیے قیامت بن گئیں، جہاں ٹریفک کے المناک حادثے میں ایک ہی گھر کے 11 افراد جاں بحق ہوگئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں باپ، بیٹا، بہو اور چھ معصوم بچے بھی شامل ہیں۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثہ گزشتہ رات رجانہ روڈ پر چک نمبر 268 گ ب موٹے والا کے قریب پیش آیا، جہاں شادی کی تقریب سے واپس آنے والی فیملی کی کلٹس گاڑی ٹریکٹر ٹرالی سے ٹکرا گئی۔
گاڑی میں مجموعی طور پر 11 افراد سوار تھے اور تصادم اتنا شدید تھا کہ تمام افراد جان کی بازی ہار گئے۔


حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں تین مرد، دو خواتین اور چھ بچے شامل ہیں۔
بچوں کی عمریں 2 سے 10 سال کے درمیان بتائی گئی ہیں۔ جاں بحق افراد میں ذوالفقار، ان کا بیٹا کاشف، علی، مصباح اور نور سمیت دیگر اہل خانہ شامل ہیں۔
تمام افراد کا تعلق چک نمبر 66 دھاندرہ سے تھا۔ حادثے کے بعد جب ایک ہی خاندان کے 11 افراد کی میتیں آبائی گھر پہنچیں تو وہاں کہرام مچ گیا۔ اہل خانہ کی آہ و بکا سے ہر آنکھ اشکبار ہوگئی جبکہ پورا علاقہ سوگ میں ڈوب گیا۔ ایک ہی گھر سے 11 جنازے اٹھنے کی خبر نے علاقے میں گہرے رنج و غم کی فضا قائم کر دی ہے۔ جاں بحق افراد کی نماز جنازہ آج بعد نماز جمعہ گاؤں کے سرکاری اسکول میں ادا کی جائے گی۔

WhatsApp
Get Alert