مہنگائی کا وار، عالمی اسمارٹ فون مارکیٹ تنزلی کی نئی حد چھونے کو تیار

دبئی (قدرت روزنامہ)عالمی اسمارٹ فون مارکیٹ کو رواں سال شدید مشکلات کا سامنا ہے اور پرزہ جات کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے باعث موبائل فونز کی فروخت میں تاریخی کمی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

ایک نئی رپورٹ کے مطابق 2026 اسمارٹ فون انڈسٹری کی تاریخ کا بدترین سال ثابت ہو سکتا ہے۔

ڈیوائسز کی فروخت پر نظر رکھنے والے ادارے کاؤنٹر پوائنٹ ریسرچ نے پیشگوئی کی ہے کہ رواں سال دنیا بھر میں اسمارٹ فونز کی فروخت گزشتہ سال کے مقابلے میں 14 فیصد تک کم ہو سکتی ہے۔ اگر یہ اندازہ درست ثابت ہوا تو حالیہ برسوں میں کسی ایک سال کے دوران فروخت میں یہ سب سے بڑی کمی ہوگی۔

اس سے قبل 2022 میں عالمی سطح پر اسمارٹ فونز کی فروخت میں 2021 کے مقابلے میں 11.3 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی تھی۔

رپورٹ کے مطابق موجودہ بحران کی بنیادی وجہ موبائل فونز میں استعمال ہونے والے پرزہ جات کی بڑھتی ہوئی قیمتیں ہیں، جس سے کم قیمت اسمارٹ فونز کی تیاری اور دستیابی متاثر ہوئی ہے۔ سستے فونز کی فروخت میں کمی نے پوری مارکیٹ کو دباؤ میں ڈال دیا ہے۔

کاؤنٹر پوائنٹ ریسرچ کا کہنا ہے کہ کم قیمت اسمارٹ فونز عالمی مارکیٹ کو مستحکم رکھنے میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں، تاہم گزشتہ 12 ماہ کے دوران اس شعبے کی فروخت نمایاں طور پر متاثر ہوئی ہے۔

اس صورت حال کے باعث مختلف خطوں میں اینڈرائیڈ فونز بنانے والی متعدد کمپنیوں نے اپنی سپلائی بھی محدود کر دی ہے۔

دوسری جانب ایپل کے آئی فونز کی فروخت نسبتاً مستحکم رہنے کی توقع ہے۔ رپورٹ میں اندازہ لگایا گیا ہے کہ رواں سال آئی فونز کی فروخت میں گزشتہ سال کے مقابلے میں صرف 1 فیصد کمی آئے گی۔ اس کارکردگی کی بنیاد پر ایپل سال کے اختتام تک دنیا میں سب سے زیادہ اسمارٹ فون فروخت کرنے والی کمپنی بن سکتی ہے۔

رپورٹ میں مزید خبردار کیا گیا ہے کہ اسمارٹ فون مارکیٹ کو 2027 میں بھی فروخت میں ریکارڈ کمی کا سامنا رہ سکتا ہے، تاہم 2028 میں حالات بہتر ہونے اور مارکیٹ کی بحالی کے امکانات ظاہر کیے گئے ہیں۔

WhatsApp
Get Alert