کوہلو کی تحصیل جاندران میں نامعلوم مسلح افراد نے چمالنگ کول مائنز کے 11 مزدوروں کو اغوا کے بعد قتل کر دیا گیا

کوہلو (قدرت روزنامہ)کوہلو کی تحصیل جاندران کے علاقے ہوسڑی میں نامعلوم مسلح افراد نے چمالنگ کول مائنز میں کام کرنے والے 11 مزدوروں کو اغوا کے بعد فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔ پولیس کے مطابق قتل ہونے والے تمام افراد چمالنگ کوئلہ کانوں میں محنت مزدوری کرتے تھے، جن میں سے 2 مزدوروں کی شناخت ہو گئی ہے جبکہ دیگر جاں بحق افراد کی شناخت کا عمل جاری ہے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور جاں بحق ہونے والے تمام افراد کی لاشوں کو ڈی ایچ کیو ہسپتال کوہلو منتقل کرنے کے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔اس حوالے سے ایس پی کوہلو طیب اقبال نے بتایا کہ سیکیورٹی فورسز اور پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر ملزمان کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے، جبکہ اس المناک واقعے کے بعد علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا ہے اور پولیس کی جانب سے واقعے کے محرکات جاننے کے لیے مزید تحقیقات جاری ہیں۔
