کوئٹہ میں ڈیزل بسوں کے بجائے الیکٹرک یا ہائبرڈ بسیں فراہم کرنے کو ترجیح دی جائے: بلوچستان ہائیکورٹ
476 غیر قانونی رکشوں کی نیلامی سے حاصل شدہ 17.357 ملین روپے عدالت میں جمع، اسمارٹ بس اسٹینڈ اراضی کی حفاظت اور فنڈز کی فراہمی کا حکم، سماعت 10 دسمبر تک ملتوی

کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ جسٹس محمد کامران خان ملاخیل اور جسٹس محمد نجم الدین مینگل پر مشتمل دو رکنی بینچ نے کوئٹہ میں ٹریفک کے بڑھتے ہوئے مسائل، غیر قانونی پارکنگ، تجاوزات، پبلک ٹرانسپورٹ کی بہتری اور ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے سے متعلق دائر آئینی درخواست نمبر CP-1951/2022 کی سماعت کے دوران متعلقہ حکام کی جانب سے پیش کردہ پیش رفت رپورٹس کا جائزہ لیتے ہوئے متعدد اہم احکامات جاری کیے۔سماعت کے دوران محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات (پی اینڈ ڈی)، محکمہ ٹرانسپورٹ اور ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی (آر ٹی اے) کے حکام سے متعلق ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ کمشنر کوئٹہ ڈویژن کی زیر صدارت 12 نومبر 2026 کو متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں کوئٹہ کی نئی تعمیر شدہ اور توسیع شدہ سڑکوں سے تمام تجاوزات اور غیر قانونی پارکنگ اسٹینڈز کے خاتمے کے لیے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کی گئیں۔ بالخصوص امداد چوک سے اکرم ہسپتال کی جانب قائم غیر قانونی موٹر سائیکل اور سائیکل پارکنگ اسٹینڈز فوری طور پر ختم کرنے کی ہدایت کی گئی۔عدالت کو مزید بتایا گیا کہ نئی توسیع شدہ اور چوڑی سڑکوں پر غیر قانونی تجارتی سرگرمیوں اور غیر مجاز تعمیرات کی روک تھام کے لیے چھ اہم سڑکوں کا تفصیلی سروے کرنے، تجاوزات کی نشاندہی اور ضروری کارروائی کے لیے ایک کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے۔ کمشنر کوئٹہ ڈویژن نے واضح ہدایت کی کہ منظور شدہ نقشوں، متعلقہ بلڈنگ قوانین اور مناسب پارکنگ کی سہولیات کے بغیر کسی بھی نئی تجارتی یا تعمیراتی سرگرمی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔سماعت کے دوران محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے بتایا گیا کہ کوئٹہ کے مرکزی کاروباری علاقے (Central Business District) میں موٹر رکشوں کی جگہ الیکٹرک گاڑیاں متعارف کرانے کے منصوبے کے نظرثانی شدہ پی سی ون کی لاگت 595.720 ملین روپے سے کم ہو کر 503.450 ملین روپے مقرر کی گئی، جسے یکم اکتوبر 2026 کو ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات کی زیر صدارت منعقدہ صوبائی ترقیاتی ورکنگ پارٹی (PDWP) کے اجلاس میں منظوری دے دی گئی ہے۔عدالت کو مزید آگاہ کیا گیا کہ اسمارٹ لوکل بس اسٹینڈ کے قیام کے لیے مختص اراضی کو غیر قانونی قابضین سے واگزار کرا لیا گیا ہے، جہاں بعض افراد موٹر گیراج، شورومز اور دیگر تجارتی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے تھے۔ اس اراضی کے تحفظ اور مستقبل میں تجاوزات کی روک تھام کے لیے محکمہ ٹرانسپورٹ نے محکمہ مواصلات و تعمیرات (C&W) سے باؤنڈری وال کی تعمیر کے لیے پی سی ون کے تخمینے تیار کرنے کی درخواست بھی کی ہے۔عدالت کو بتایا گیا کہ ایڈووکیٹ جنرل بلوچستان کی زیر صدارت 25 نومبر 2026 کو سیکرٹری محکمہ ٹرانسپورٹ اور صدر ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے ساتھ منعقدہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پنک الیکٹرک اسکوٹیز کی فراہمی اور حوالگی 2 دسمبر 2026 کو بلوچستان ہائی کورٹ کے پارکنگ احاطے میں مشترکہ ٹیم کے ذریعے یقینی بنائی جائے گی۔اس موقع پر صدر ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن میر عطا ء اللہ لانگو نے عدالت کو آگاہ کیا کہ اگرچہ الیکٹرک اسکوٹیز کی فراہمی کا معاملہ حل ہو چکا ہے، تاہم کچلاک اور سریاب کے لیے دو ڈیزل بسیں، خضدار اور پشین کے لیے دو پنک وینز اور دو الیکٹرک شٹل کارٹس تاحال فراہم نہیں کی گئیں۔ اس پر ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل نے بتایا کہ متعلقہ بسوں کی فراہمی کے لیے ورک آرڈر جاری کیا جا چکا ہے۔درخواست گزاروں شرمین رحمان اور انعم خیر ایڈووکیٹس نے عدالت کی توجہ اس امر کی جانب مبذول کرائی کہ ڈیزل بسوں اور پنک وینز کے بجائے الیکٹرک یا ہائبرڈ بسیں اور وینز فراہم کرنا زیادہ مناسب ہوگا تاکہ ماحولیاتی آلودگی اور اس سے پیدا ہونے والے خطرات میں مزید اضافہ نہ ہو۔عدالت کو ایس ایس پی ٹریفک کوئٹہ کی جانب سے پیش کردہ رپورٹ میں بتایا گیا کہ ٹریفک پولیس نے 476 لاوارث اور سکریپ شدہ غیر قانونی رکشوں کی نیلامی کا عمل مکمل کر لیا ہے، جس سے حاصل ہونے والی 17 کروڑ 35 لاکھ 74 ہزار نہیں بلکہ 17,357,400 روپے کی رقم اکاؤنٹنٹ ڈسٹرکٹ کورٹ کے حوالے کر دی گئی ہے۔ (نیلامی سے حاصل شدہ رقم 17.357 ملین روپے ہے۔)رپورٹ کے مطابق ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں، ناقص لوکل بسوں، ٹینٹڈ شیشوں، فینسی نمبر پلیٹس اور ڈبل روڈ پر غلط پارکنگ کے خلاف کارروائیاں بھی جاری ہیں۔ مزید برآں، جی پی ایس ٹریکنگ اور لائیو کیمروں کی سہولت سے آراستہ 15 سوزوکی سوئفٹ گاڑیاں اور 150 سی سی کی 10 پٹرولنگ موٹر سائیکلیں ٹریفک پولیس کو فراہم کر کے مختلف شاہراہوں پر تعینات کر دی گئی ہیں، جبکہ ایم ٹی کوئٹہ سے مزید 10 موٹر سائیکلیں بھی گشت کے لیے فراہم کی گئی ہیں۔تمام پیش رفت رپورٹس اور درخواست گزاروں کی جانب سے اٹھائے گئے اعتراضات کا جائزہ لینے کے بعد معزز عدالت نے متعلقہ حکام کو درج ذیل ہدایات جاری کیں:۔عدالت نے ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات کو ہدایت کی کہ اسمارٹ بس اسٹینڈ کے لیے واگزار کرائی گئی اراضی کے گرد باؤنڈری وال کی تعمیر کے لیے پی سی ون کی منظوری یقینی بنائی جائے۔ اس کے علاوہ آر ٹی اے کو ہدایت کی گئی کہ اسمارٹ بس اسٹینڈ کے قیام کے لیے نظرثانی شدہ پی سی ون تیار کر کے محکمہ پی اینڈ ڈی کو فوری طور پر ارسال کیا جائے، جس کی منظوری کے بعد محکمہ ٹرانسپورٹ بلا تاخیر ضروری سول ورکس شروع کرے۔عدالت نے آئی جی پولیس اور ڈی آئی جی کوئٹہ کو ہدایت کی کہ متعلقہ ایس پی اور ایس ایچ او کے ذریعے مذکورہ اراضی کی باؤنڈری وال کی تعمیر تک مناسب سکیورٹی اور حفاظت یقینی بنائی جائے، جبکہ محکمہ ٹرانسپورٹ کو بھی ہدایت کی کہ وہ اپنے اہلکار اور سکیورٹی عملہ تعینات کرے تاکہ اراضی کو کسی بھی غیر قانونی قبضے یا تجاوزات سے محفوظ رکھا جا سکے۔عدالت نے ماحولیاتی تحفظ اور درخواست گزاروں کے تحفظات کو مدنظر رکھتے ہوئے ہدایت کی کہ ڈیزل بسوں اور پنک وینز کے بجائے الیکٹرک یا ہائبرڈ بسیں اور وینز فراہم کرنے کے معاملے کو ترجیح دی جائے، جبکہ ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے لیے منظور شدہ پنک الیکٹرک اسکوٹیز کی فراہمی بھی یقینی بنائی جائے۔معزز عدالت نے سیکرٹری محکمہ خزانہ کو ہدایت کی کہ ڈی آئی جی پولیس اور ایس ایس پی ٹریفک کوئٹہ کے ساتھ اجلاس منعقد کر کے صوبائی موٹر وہیکلز (ترمیمی) آرڈیننس 2002 کی دفعہ 116-A(6) کے تحت ٹریفک پولیس کے ترغیبی حصے کی عدم ادائیگی کا مسئلہ حل کیا جائے۔عدالت نے سیکرٹری محکمہ خزانہ کو مزید ہدایت کی کہ ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے لیے مطلوبہ گاڑیوں کی فراہمی اور کوئٹہ کے مرکزی کاروباری علاقے میں موٹر رکشوں کی جگہ الیکٹرک شٹل کارٹس کے فوری آغاز کے لیے درکار فنڈز کی فراہمی کے معاملے کو بھی ترجیحی بنیادوں پر دیکھا جائے اور درخواست میں اٹھائے گئے دیگر متعلقہ امور پر بھی مقررہ مدت میں پیش رفت یقینی بنائی جائے۔عدالت نے ایڈووکیٹ جنرل اور ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل کے دفتر کو عدالتی احکامات کی نقول متعلقہ حکام تک پہنچانے اور ان پر عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے سیکرٹری محکمہ خزانہ سمیت متعلقہ حکام کو آئندہ سماعت پر عمل درآمد اور پیش رفت رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا۔معزز عدالت نے کیس کی مزید سماعت 10 دسمبر 2026 تک ملتوی کر دی۔
