این اے 245،جے یو آئی امیدوار امین اللہ ایم کیو ایم کے حق میں دستبردار

کراچی(قدرت روزنامہ)کراچی سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 245 پر ضمنی الیکشن میں جے یو آئی امیدوار بھی ایم کیو ایم کے حق میں دستبردار ہوگیا . تفصیلات کے مطابق کراچی سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 245 پر 21 اگست کو ہونے والے ضمنی انتخاب کے لیے حکومتی اتحادی جماعت جے یو آئی(ف)نے بھی ایم کیو ایم کے امیدوار کے حق میں دستبرداری کا اعلان کردیا ہے .


ایم کیو ایم کا وفد جن میں ایم پی اے خواجہ اظہار اور این اے 245 سے امیدوار معید انور جے یو آئی ف کے امیدوار امین اللہ کی رہائشگاہ پر پہنچے جہاں دونوں جماعتوں کے رہنماوں نے ملاقات کی . اس موقع پر جے یو آئی نے اپنے امیدوار امین اللہ کی دستبرداری کا اعلان کرتے ہوئے مذکورہ حلقے پر ایم کیو ایم کے معید انور کی حمایت کا اعلان کیا .
اس موقع پر خواجہ اظہار الحسن نے کہا کہ پارٹی کی خواہش تھی کہ این اے 245 میں فاروق ستار امیدوار ہوں لیکن ان کی کچھ شرائط تھیں، جس وجہ سے وہ ایم کیو ایم میں نہیں آئے .

خواجہ اظہار الحسن نے کہا کہ اسلام آباد میں تمام قیادت کا متفقہ فیصلہ تھا، جس پرعمل کیا، مولانا فضل الرحمان کا بھی شکر گزار ہوں . انہوں نے کہا کہ یہ سیاسی دانشمندی کا تقاضہ ہے کہ ایک دوسرے سے نہ لڑیں، شہریوں کا فرض ہے ووٹ کے ذریعے مسائل کے خلاف آواز اٹھائیں . ایم کیو ایم رہنما نے کہا کہ وقت ثابت کر رہا ہے کہ ایم کیو ایم کا فیصلہ درست تھا .
خواجہ اظہار الحسن نے کہا کہ لاہور میں جو ہو رہا ہے، اگر کراچی میں ہوتا تو ردعمل الگ ہوتا ہے، اگر کوئی آئین کو توڑتا ہے تو اس کے خلاف سخت کارروائی ہونی چاہیے . واضح رہے کہ پیپلز پارٹی پہلے ہی اس حلقے سے ایم کیو ایم کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے اپنے امیدوار کی دستبرداری کا اعلان کرچکی ہے . این اے 245 پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی اور ضمنی الیکشن میں تحریک انصاف کی جانب سے محمود مولوی امیدوار ہیں .

. .

متعلقہ خبریں