امریکی سینٹ کام کمانڈر کی آرمی چیف سے ون آن ون ملاقات

راولپنڈی (قدرت روزنامہ) امریکی سینٹ کام کمانڈر کی آرمی چیف سے ون آن ون ملاقات۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق جمعرات کے روز امریکی سینٹ کام کمانڈر کی سربراہی میں امریکی وفد نے جی ایچ کیو کا دورہ کیا۔ اس دوران امریکی سینٹ کام کمانڈر نے پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باوجوہ سے ون آن ون ملاقات کی۔
جی ایچ کیو میں ہوئی ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی ، علاقائی سلامتی ، دفاعی ، عسکری اور سکیورٹی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ آئی ایس پی آر اعلامیہ کے مطابق عسکری قیادت کے مابین وفود کی سطح پر بھی ملاقات ہوئی اس دوران پاک فوج کی انسداد دہشت گردی کی کوششوں اور علاقائی امن و استحکام کے لیے کردار پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفود کی سطح پر ملاقات میں دونوں ممالک کے مابین افواج کے تربیتی پروگرام پر بھی بحث ہوئی۔ امریکی سینٹ کام کمانڈر نے دہشت گردی کے خلاف جنگ، انسداد دہشت گردی کے تجربات اور علاقائی امن و استحکام کے لیے پاک فوج کی کاوشوں کو سراہا بعد ازاں امریکی فوجی وفد نے آرمی میوزیم کا بھی دورہ کیا۔
