کسی کو اہل اور کسی کو نااہل بنانے کے چکر میں بہت بڑا پھڈا ہو سکتا ہے؛ شیخ رشید

راولپنڈی (قدرت روزنامہ) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ کسی کو اہل اور کسی کو نااہل بنانے کے چکر میں بہت بڑا پھڈا ہو سکتا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میں سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ پیمرا نے الیکٹرانک میڈیا کو نوٹس جاری کردیے ہیں، اہم ترین فیصلہ آنے سے پہلے سوشل میڈیا کے خلاف بھی اتھارٹی بن جائے گی، جس کے تحت یوٹیوبرز کو بھی گھیرے میں لیا جانے والا ہے۔
خیال رہے کہ پیمرا نے سابق وزیر اعظم اور تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کے خطاب کی براہ راست کوریج پر پابندی عائد کر دی ہے، اس حوالے سے پیمرا کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفیکیشن میں عمران خان کی 20 اگست کو ایف 9 پارک اسلام آباد میں کی گئی تقریر کا حوالہ دیا گیا ہے کہ عمران خان اپنی تقاریر میں مسلسل اداروں پر بے بنیاد الزام تراشی کر رہے ہیں، ان کے خطاب پیمرا قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہیں، عمران خان اپنی تقریروں میں نفرت انگیزی پھیلا رہے ہیں، امن عامہ کو خراب کر رہے ہیں، اداروں اور ان کے افسران کیخلاف اکسا رہے ہیں، عمران خان کے خطاب آئین کے آرٹیکل 19 کی خلاف ورزی ہیں، ان کی نفرت انگیزی سپریم کورٹ کے سوموٹو کیس فیصلے کی خلاف ورزی بھی ہے۔
پیمرا نوٹی فکیشن کے مطابق عمران خان کی صرف ریکارڈڈ تقریر نشر کرنے کی اجازت ہو گی، تقریر موثر مانیٹرنگ اور ایڈوٹیریل کنٹرول کے ساتھ نشر کی جا سکتی ہے، عمران خان کے خلاف پیمرا آرڈیننس 2002 کی سیکشن 27 کے تحت کاروائی عمل میں لائی گئی ہے، پیمرا ہدایات کی خلاف ورزی کرنے والے اداروں کیخلاف کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔
