شہباز گل پر تشدد نہیں ہوا تو انکوائری سے کیوں گھبرا رہے ہیں؛ فواد چودری

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء فواد چوہدری نے کہا کہ رانا ثناء اللہ کا وزیرداخلہ ہونا ملک کی بدقسمتی ہے، وہ خود تشدد کا شکار ہوئے لیکن سیکھا کچھ نہیں، شہباز گل پر تشدد نہیں ہوا تو انکوائری سے کیوں گھبرا رہے ہیں؟ اگر آپ نے ٹارچر نہیں کیا، اسلام آباد پولیس نے نہیں کیا تو پھر کس نے کیا؟ شہباز گل پر تشدد کے معاملے پر تحقیقات ہونی چاہیے، تشدد کے حوالے سےآئی جی اور ڈی آئی جی کے خلاف مقدمہ درج کر دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہباز نے خود بتایا کس طرح ٹارچر کیا گیا، سی آئی اے کے تھانے میں گھنٹوں پٹی باندھ کر رکھا گیا، پولیس کے چھتر سے اس کی پٹائی کی گئی ہم کہاں رہ رہے ہیں؟ تشدد کے معاملے پر تحقیقات ہونی چاہیے، میں نے کہا تھا انکوائری میں سعد رفیق اور کھوکھر کر ڈال لیں۔
فواد چوہدری نے کہا کہ آج سے 1400 سال پہلے اسلام نے قیدیوں کے حقوق دیے تھے، شہباز گل سے عمران خان اور ان کے وکیلوں کو ملنے نہیں دیا گیا، مجسٹریٹ صاحبہ پر تو ہم ایڈمنسٹریٹو کارروائی کر ہی رہے ہیں، شہباز گل کا ٹارچر کا کیس بھی کر دیا گیا ہے کیوں کہ انہوں نے کسٹڈی میں لیا تھا، بائیس اے کے اوپر شہبازگل پر تشدد کے حوالے سے آئی جی اور ڈی آئی جی کے خلاف مقدمہ درج کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے کہا میں آپ کے خلاف لیگل کارروائی کروں گا، کل سے یہ کہا جا رہا ہے کہ عمران خان نے دھمکی دی ہے، رانا ثنا اللہ کی پنجاب اسمبلی کی تقریر اٹھا کر سن لیں میں انہیں دہرا بھی نہیں سکتا، بدقسمتی ہے کہ رانا ثنا اللہ پاکستان کے وزیر داخلہ بنے ہوئے ہیں، رانا ثنا ایک تشدد سے گزرے ہیں لیکن شہباز گل پر تشدد کو انہوں نے عام مسئلہ لیا ہے، جس دن یہ عوام کے سامنے جائیں گے انہیں پتہ چل جائے گا، انہیں لگتا ہے یہ پہرے اور بند کمرے انہیں عوام کے غضب سے بچا سکیں گے، یہ سارے ڈرے سہمے چہرے بیٹھے ہوئے ہیں۔
فواد چوہدری نے کہا کہ پی ٹی آئی کے ساتھ کمزور دل والے کھڑے نہیں ہوسکتے، جو عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں وہ کھڑے ہیں، مریم نواز نے جنہیں استعفے کا کہا وہ دونوں بھاگ گئے، عمران خان کے کہنے پر سب نے استعفی دیا، 24 گھنٹے کے نوٹس پر ریلی ہوئی، یہ صرف عمران خان کر سکتا ہے، کہتے تھے فلاں فلاں کراؤڈ پلر ہیں تو پھر عمران خان کے جواب میں جلسہ کریں۔
