ممبئی(قدرت روزنامہ)بھارت کی مشہور اداکارہ کنگنا رناوت نے مہیش بھٹ سے متعلق بڑا انکشاف کیا ہے . حال ہی میں بھارت کی مشہور اداکارہ کنگنا رناوت نے اپنے انسٹاگرام پر مہیش بھٹ کی پرانی ویڈیو پوسٹ کی ہے جس کے کیپش میں لکھا ہے کہ یہ لوگوں کو شاعری کے ذریعے تشدد پر اکساتے ہیں .
انہوں نے لکھا کہ مہیش بھٹ مسلمان ہو چکے ہیں اور وہ اپنا اصلی نام’اسلم‘ لوگوں سے چھپاتے ہیں . واضح رہے کہ مہیش بھٹ اور کنگنا رناوت کے درمیان تعلقات 2020 سے ٹھیک نہیں ہیں اور اس کی وجہ یہ ہے کہ مہیش بھٹ کی بیٹی نے دھوکہ فلم میں کنگنا رناوت کو کردار دینے سے انکار کر دیا تھا .
اس سے قبل کنگنا رناوت نے اپنے مداحوں کو ایک پیغام دیا تھا . انہوں نے انسٹا گرام پر اپنے آفیشل اکاؤنٹ کی ایک خفیہ پوسٹ میں مداحوں کے لئے لکھا تھا کہ جو لوگ آپ کی زندگی میں ولن بننا چاہتے ہیں، انہیں آپ کامیڈین بنائیں .
ان کا کہنا تھا کہ مجھے کسی کی ذلت کے لیے جذبات کا استعمال کبھی پسند نہیں آیا، میں نے کسی بھی طرز کی ناکامی یا غیر منصفانہ سلوک پر دھونس دینا یا ان تجربات کے ذریعے خودی کو ٹھیس پہنچانے کو کبھی درست خیال نہیں کیا .
اداکارہ کا کہنا تھا کہ خود کو کبھی بھی ان لوگوں کی نظر سے نہ دیکھیں، جو آپ کی تعریف نہیں کرتے بلکہ آپ پر تنقید کر کے آگے بڑھنا چاہتے ہیں . ان کا کہنا تھا کہ جو لوگ آپ کی زندگی میں ولن بننا چاہتے ہیں، انہیں کامیڈین بنادیں، یہ ایک اچھی کہانی ہوگی اور اسے آپ خود ڈائریکٹ کریں گے .
یاد رہے کنگنا رناوت نے ایک انٹرویو کے دوران اپنے شادی سے متعلق انکشاف کرتے ہوئے طنزیہ انداز میں کہا تھا کہ افواہیں اس طرح پھیلیں کہ لوگوں نے میرے بارے میں اپنی سوچ بنالی اور اب یہی وجہ ہے کہ مجھے کوئی پرفیکٹ میچ نہیں مل رہا .
دورانِ انٹرویو جب کنگنا سے پوچھا گیا کہ کیا وہ حقیقی زندگی میں اپنی فلم کے کردار کی طرح مضبوط ہیں؟ تو سوال سننے کے بعد کنگنا نے مسکراتے ہوئے کہا کہ ‘ایسا نہیں ہے .
انہوں نے کہا کہ میں حقیقی زندگی میں کس کو ماروں گی؟ میں شادی نہیں کرپا رہی ہوں کیونکہ لوگ میرے بارے میں ایسی افواہیں پھیلا رہے ہیں . جب کنگنا سے شادی کے بارے میں سوال پوچھا گیا کہ کیا وہ اس وجہ سے شادی نہیں کر پا رہیں، کیونکہ لوگوں نے ان کے بارے میں یہ رائے قائم کر رکھی ہے کہ وہ بہت سخت ہیں؟ تو اس کے جواب میں اداکارہ نے طنزیہ انداز میں کہا کہ ہاں، کیونکہ میرے بارے میں ایسی باتیں ہوتی ہیں کہ میں لڑکوں کو مارتی ہوں .