نقالوں سے ہوشیار، ٹوئٹر پر ویریفائڈ صبا، صبا قمر نہیں


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان شوبز انڈسٹری کی خوبرو اداکارہ صبا قمر نے ان کے نام سے جعلی اکاؤنٹس چلانے والوں اور اپنے پرستاروں کو پیغام جاری کر دیا۔
صبا قمر نے انسٹاگرام اور ٹوئٹر پر اپنے آفیشل اکاؤنٹ سے اپنے پرستاروں کو پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ نقالوں سے ہوشیار رہیں، ٹوئٹر پر صبا قمر کے نام سے ویریفائڈ اکاؤنٹ ان کا نہیں ہے۔


دوسری جانب انہوں نے اپنا جعلی اکاؤنٹ دیکھ کر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے جعلی اکاؤنٹس چلانے والوں سے بچپنا چھوڑ کر بڑے ہونے کا مشورہ دے دیا۔

پاکستانی اداکارہ صبا قمر بھی ٹوئٹر پر تصدیق شدہ اکاؤنٹ کے لیے 8 $ چارج کرنے کے فیصلے سے پریشان ہیں کیونکہ ان کے مطابق ایک سوشل میڈیا صارف نے ان کے نام سے نہ صرف جعلی پروفائل بنائی بلکہ اس پر تصدیق شدہ بلیو ٹک بھی خرید لیا۔
صبا قمر نے اپنے اصل اکاؤنٹ کا اسکرین شاٹ انسٹاگرام اسٹوری میں شیئر کرکے وضاحت دی اور کہا ہے کہ بلیو ٹک کے نشان پر بھروسہ نہ کریں یہ ایک جعلی اکاؤنٹ ہے، اور ساتھ ہی اپنے آفیشل ٹوئٹر اکاونٹ کی تفصیل بھی بتا دی۔
صبا قمر نے جعلسازی کرنے والوں کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ چھوٹے نامعلوم اور معمولی پیجز کو شہرت کی خاطر جعلی معلومات پھیلانا بند کرنی چاہئے۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ بچپنا چھوڑیں اور بڑے ہوجائیں کیونکہ توجہ حاصل کرنے کے لیے جعلی اکاؤنٹ بنا کراس پر پیسہ خرچ کرنا سراسر بچکانہ حرکت ہے۔