پاکستان

بنوں سی ٹی ڈی کمپاؤنڈ میں موجود دہشتگرد ہلاک


راولپنڈی(قدرت روزنامہ)بنوں سی ٹی ڈی کمپاؤنڈ کے اندر موجود دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ بنوں سی ٹی ڈی کمپاؤنڈ میں دہشت گردوں کے خلاف اس وقت سرچ اور سوئپنگ آپریشن کیا جا رہا ہے۔
آپریشن کے دوران چند سیکیورٹی اہل کار بھی زخمی ہوئے ہیں، ایک شہید ہو گیا۔اس وقت بھی کمپاؤنڈ سے دھواں اٹھتا نظر آ رہا ہے، شہر بھر میں سیکیورٹی ہائی الرٹ ہے، علاقے میں آنے جانے والے راستوں پر پولیس کی نفری تعینات ہے۔ڈپٹی کمشنر بنوں کے حکم کے تحت ضلع کے تمام اسکول بند ہیں، بنوں کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ ہے، موبائل فون سروس معطل ہے۔
بنوں میں سی ڈی ٹی کمپاؤنڈ پر دہشت گردوں نے اتوار کو قبضہ کرنے کے بعد اہلکاروں کو یر غمال بنا لیا تھا۔سیکیورٹی فورسز کی جانب سے دہشت گردوں کا قبضہ چھڑانے کے لیے آپریشن کیا گیا، جس کے دوران گولیاں چلنے کی آوازیں آتی رہیں۔
وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے اس حوالے سے بتایا ہے کہ بنوں میں مختلف گروپس کے 33 کے قریب دہشت گرد قید تھے۔انہوں نے بتایا کہ ایک دہشت گرد نے بیت الخلاء جاتے وقت سنتری کے سر پر اینٹ ماری اور اس سے اسلحہ چھینا، اینٹ لگنے سے سنتری شہید ہو گیا جس کے بعد کمپاؤنڈ پر قبضہ کر کے باقی قیدیوں کو چھڑایا گیا۔

متعلقہ خبریں