خیبر: فورسز کی کارروائی، 2 دہشتگرد ہلاک، 2 سپاہی شہید


راولپنڈی(قدرت روزنامہ)خیبر پختون خوا کے ضلع خیبر کے علاقے تیرہ میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا ہے جس کے دوران 2 دہشت گرد ہلاک، 2 سپاہی شہید ہوگئے۔پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق واقعے میں 4 دہشت گرد زخمی بھی ہوئے ہیں، جبکہ ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا ہے کہ شدید فائرنگ کے تبادلے میں 2 سپاہیوں وقاص علی شاہ اور باسط علی نے بہادری سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ کا کہنا ہے کہ دیگر دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے علاقے کی کلیئرنس جاری ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں۔پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ بہادر جوانوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔