عمرے کی آڑ میں سعودی عرب جانے والا بھکاریوں کا گروہ ایئرپورٹ سے آف لوڈ


لاہور(قدرت روزنامہ) ایف آئی اے امیگریشن نے ملتان ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے عمرے کی آڑ میں سعودی عرب جانے والے بھکاریوں/ انسانی اسمگلروں کے گروہ کو آف لوڈ کر دیا۔ترجمان ایف آئی اے کے مطابق 8 مسافر عمرے کے ویزے پر سعودی عرب جا رہے تھے، امیگریشن کے دوران معلوم ہوا کہ مسافر بھیک مانگنے کے لیے عمرہ ویزا پر سعودی عرب جا رہے ہیں۔
آف لوڈ کیے جانے والے مسافروں کا تعلق ضلع لودھراں سے ہے، مسافروں میں 5 مرد اور 3 خواتین شامل ہیں۔دوران تفتیش مسافروں نے انکشاف کیا کہ ایجنٹوں کی ملی بھگت سے سعودی عرب بھیک مانگنے کے غرض سے جا رہے ہیں، مسافروں کو سعودی عرب پہنچنے پر پاکستانی ایجنٹوں نے وصول کرنا تھا۔
مسافروں نے مزید انکشاف کیا کہ بھیک سے حاصل کردہ آدھی رقم سب ایجنٹ کے حوالے کرنی تھی اور عمرہ ویزہ کی مدت پوری ہونے کے بعد مسافروں نے واپس پاکستان آنا تھا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق مسافروں کو مزید جانچ پڑتال اور قانونی کارروائی کے لیے ایف آئی اے کمپوزیٹ سرکل ملتان منتقل کر دیا گیا۔