گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کے مشاورتی اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کے مشاورتی اجلاس میں ن لیگ اور جی ڈی اے کی سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا، عرفان اللہ مروت کا کہنا ہے کہ عام انتخابات میں جی ڈی اے، ایم کیوایم، جی یو آئی، ن لیگ کے ساتھ انتخابی اتحاد ہوگا۔
جی ڈی اے کے چیف کو آرڈینیٹر پیر صدرالدین شاہ راشدی کی زیر صدارت عام انتخابات سے متعلق اہم مشاورتی اجلاس ہوا جس کی اندرونی کہانی منظر عام پر آگئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پیر صدرالدین شاہ راشدی نے جی ڈی اے رہنماؤں کو ن لیگی قیادت سے ہونے والے مذاکرات پر اعتماد میں لیا۔ اور عام انتخابات میں ن لیگ کو جی ڈی اے میں شامل کرنے یا سیٹ ایڈجسٹمنٹ کرنے کی دو مختلف رائے پر اظہار خیال کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ن لیگ سے اتحاد کے حوالے سے حتمی فیصلہ جی ڈی اے کے سربراہ پیر پگاڑا کریں گے، اس حوالے سے جی ڈی اے کی کور کمیٹی کا اہم اجلاس آئندہ ہفتے طلب کر لٕیا گیا ہے۔
دوسری جانب جی ڈی اے رہنما عرفان اللہ مروت کا دعویٰ ہے کہ جی ڈی اے۔ ایم کیوایم، جی یو آئی، ن لیگ کے ساتھ انتخابی اتحاد ہوگا، کوشش ہے اے این پی بھی ہمارے ساتھ شامل ہوجائے۔
جی ڈی اے رہنما نے کہا کہ تمام جماعتوں کا مشترکہ اجلاس بلاکر اپنے لاٸحہ عمل کا اعلان کیاجائے گا۔