مہنگائی کے طوفان میں مزید شدت، پیاز سمیت کئی سبزیوں کی قیمتوں نے ڈبل سنچری مکمل کر لی
لاہور ،فیصل آباد (قدرت روزنامہ)عوام مہنگائی کے ایک نئے طوفان کی زد میں، پیاز سمیت کئی سبزیوں کی قیمتوں نے ڈبل سنچری مکمل کر لی۔ تفصیلات کے مطابق حکومت کے تمام تر دعوؤں کے باوجود ملک میں مہنگائی کے طوفان میں مزید شدت آ گئی ہے، سبزیاں تک عوام کی پہنچ سے دور ہو گئیں۔ سیزن کی سبزیوں کی بھرپور پیداوار کے باوجود قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں، پیاز نے ڈبل سنچری کرلی، شہریوں کا کہنا ہے کہ کم آمدن والے طبقے کے لیے دال سبزی کھانا بھی مشکل ہوگیا ہے۔ پیاز کی فصل بازار میں آنے کے باوجود ایک ہفتے کے دوران پیاز80روپے مہنگی ہوگئی، 3 روز میں پیاز کی قیمت میں30روپے فی کلو کا اضافہ ہوگیا ہے اور پیاز200روپے کلو تک فروخت کی جارہی ہے۔ دکانداروں نے کہا کہ سبزی منڈی میں پیاز کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں اس لیے قیمت میں بھی اضافہ ہورہا ہے۔