اسلامی ترقیاتی بینک اور پاکستان کے درمیان 20 کروڑ ڈالر قرض کا معاہدہ طے


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)اسلامی ترقیاتی بینک اور پاکستان کے درمیان 20 کروڑ ڈالر قرض کا معاہدہ طے پاگیا۔
اقتصادی امور ڈویژن کے اعلامیے کے مطابق اسلامی ترقیاتی بینک کا وفد 22 سے 24 مارچ تک پاکستان کے دورہ پر ہے۔ سیکرٹری اقتصادی امور اور آئی ایس ڈی بی کے ڈائریکٹر نے معاہدے پر دستخط کیے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ یہ رقم سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی بحالی، مکانات کی تعمیر، صاف پانی، حفظان صحت کی سہولیات پر خرچ ہوگی۔ اقتصادی امور ڈویژن کے مطابق اس رقم سے 13 لاکھ افراد کے حالات میں بہتری لائی جائے گی۔
یاد رہے 2022 میں اسلامی ترقیاتی بینک نے 4.2 ارب ڈالر دینے کا وعدہ کیا تھا۔ عالمی بینک سے ملنے والے قرضے کی رقم ڈیجیٹل اکانومی پراجیکٹ اور سندھ میں بیراجوں کی حفاظت و بہتری کے منصوبے پر خرچ ہوگی۔
عالمی بینک کے اعلامیہ میں بتایا گیا کہ عالمی بینک کی جانب سے منظور کردہ رقم دو منصوبوں پر خرچ کی جائے گی،ڈیجیٹل اکانومی پراجیکٹ کیلئے 7 کروڑ 80 لاکھ ڈالر کی رقم فراہم کی جائے گی جبکہ سندھ میں بیراجوں کی حفاظت کیلئے 7 کروڑ 17 لاکھ ڈالر فراہم ہوں گے۔