یمنیٰ زیدی میک اُپ اور اسٹائلنگ کے بجائے صرف اداکاری پر دھیان دیتی ہیں: ہمایوں سعید


کراچی (قدرت روزنامہ)پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار ہمایوں سعید نے ساتھی اداکارہ یمنیٰ زیدی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان کا میک اَپ اور اسٹائلنگ پر بالکل دھیان نہیں ہوتا بلکہ ان کی توجہ پوری طرح کام پر ہوتی ہے۔
ہمایوں سعید نے حال ہی میں اپنے ایک انٹرویو کے دوران ساتھی اداکارہ یمنیٰ زیدی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ بہترین اداکاری کی وجہ سے لوگ اُنہیں بہت زیادہ پسند کرتے ہیں اور مجھے بھی ان کا کام بہت پسند ہے۔
اُنہوں نے اپنے نئے ڈرامہ سیریل’جینٹل مین‘ کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ اس ڈرامے میں صحافی کا جو کردار ہے، اس کے بارے میں مجھے شروع سے لگتا تھا کہ یہ یمنیٰ زیدی کے لیے ہی بنا ہے۔
اداکار نے مزید کہا کہ یمنیٰ زیدی کے ساتھ کام کرنے کا تجربہ بہت کمال کا تھا، میں نے ان کے بارے میں ہمیشہ اچھی باتیں ہی سنی تھیں اور ان کے ساتھ کام کرنے کے بعد معلوم ہوا کہ ان کے بارے میں پہلے جتنی اچھی باتیں سنی تھیں ان کی تعریف کرنے کے لیے بہت کم ہیں۔
اُنہوں نے بتایا کہ یمنیٰ زیدی بہت ہی محنتی اور ٹائم کی پابند اداکارہ ہیں، سیٹ پر ان کا دھیان میک اپ اور اسٹائلنگ میں بالکل نہیں ہوتا بلکہ وہ سارا دن اپنی توجہ صرف اس بات پر مرکوز رکھتی ہیں کہ اُنہیں اپنے سین کو کیسے بہتر بنانا ہے۔
ہمایوں سعید نے کہا کہ میں خود بھی اسی انداز میں کام کرتا ہوں اس لیے جب میں اس طرح کے لوگوں کو دیکھتا ہوں تو مجھے بہت خوشی ہوتی ہے کہ آج بھی ہماری انڈسٹری میں ایسے محنتی لوگ موجود ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ یمنیٰ زیدی کو جب میری پروڈکشن ٹیم نے اس ڈرامے میں کاسٹ کرنے کا فیصلہ کیا تو مجھے بہت خوشی ہوئی۔
اداکار نے بتایا کہ جب یمنیٰ زیدی کو اس کردار کے لیے پیشکش موصول ہوئی تو اُنہوں نے مجھ سے رائے مانگی جس پر میں نے اُنہیں کہا کہ ہم نے آپ کا انتخاب سوچ سمجھ کر ہی کیا ہے اس لیے آپ پہلے ایک بار اسکرپٹ پڑھ کر دیکھیں آپ کو بھی لگے گا کہ یہ کردار آپ کے لیے ہی ہے۔