ربابہ بلیدی کا ایجوکیشنل کیمپ میں شریک طالبات کے اخراجات اٹھانے کا اعلان
کوئٹہ(قدرت روزنامہ)وزیراعلیٰ بلوچستان کی مشیر برائے ویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے باڑہ گلی ایبٹ آباد میں منعقدہ سالانہ ایجوکیشنل کیمپ میں شرکت کیلئے کوئٹہ کی طالبات کی آمد و رفت کے تمام اخراجات اٹھانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ تعلیم کسی بھی قوم کی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے جس کے بغیر انسانی معاشرے اپنے وجود کو برقرار نہیں رکھ سکتے پڑھے لکھے اور بیدار معاشرے اور قوموں میں تعلیم کو بنیادی حیثیت حاصل ہوتی ہے۔تعلیم ترقی کی راہوں کو ہموار کرنے کرنے کے ساتھ ساتھ ملکی بنیادوں کو مضبوط اور مستحکم کرنے کا باعث ہوتی ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ کے مختلف گرلز اسکولوں اور کالجز کی طالبات کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے ان سے ملاقات کی اور باڑہ گلی ایبٹ آباد میں انٹرنیشنل اسلامیہ یونیورسٹی کے شعبہ انسٹی ٹیوٹ فار اقبال ریسرچ کے زیر اہتمام منعقدہ “یقین” ایجوکیشنل کیمپ میں شرکت کی خواہش ظاہر کی، ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے ایجوکیشنل کیمپ میں شرکت کی خواہش مند طالبات کی آمد و رفت کے تمام تر اخراجات اپنی ذاتی جیب سے ادا کرنے کا اعلان کیا ، طالبات نے اس مالی تعاون پر وزیر اعلیٰ بلوچستان کی مشیر ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی کا شکریہ ادا کیا، طالبات سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر ربابہ بلیدی نے کہا کہ کسی بھی معاشرے کی تعمیر و ترقی میں خواتین کا بہت کلیدی کردار ہوتا ہے جسے کسی بھی طرح نظر انداز نہیں کیا جا سکتا ، ایک مرد کی تعلیم سے عام طور پر محض ایک مرد ہی فائدہ اٹھاتا ہے جبکہ ایک تعلیم یافتہ عورت پورے خاندان کو تعلیم سے آراستہ کرنے میں کردار ادا کرتی ہے ، عورت پر چونکہ گھریلو ذمہ داریاں بھی عائد ہوتی ہیں اسلئے بھی عو رت کا پڑھا لکھا ہونا بہت ضروری ہے تاکہ وہ اپنی ذمے داریوں کو احسن طریقے سے پورا کر سکے ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا ہے بلوچستان کے طالب علموں کو اعلٰی تعلیم کی فراہمی کے لئے بینظیر بھٹو اسکالرشپ پروگرام شروع کیا گیا ہے اور برطانیہ کی آکسفورڈ یونیورسٹی سمیت دنیا بھر کی 200 جامعات میں تعلیم کے حصول کیلئے حکومت بلوچستان اسکالرشپ دے گی ، ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے ایجوکیشنل کیمپ باڑہ گلی ایبٹ آباد جانے والی طالبات کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔