فورسز کی کارروائی، چمن شاہراہِ پر لغڑیوں کا دھرنا ختم کروادیا، ٹریفک بحال


کوئٹہ(قدرت روزنامہ) سیکورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے چمن شاہراہ پر جاری لغڑیوں کا دھرنا ختم کروا دیا۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق چمن شاہراہ پر غیرقانونی روڈ بلاک ختم کروا کے ٹریفک بحال کردیا گیا ہے۔ امن و امان کو برقرار رکھنے کے لیے لیویز فورس نے شرپسند عناصر کے خلاف کارروائی کی۔
پچھلے ایک ماہ سے لغڑی اتحاد نے پورے ضلع کو یرغمال بنایا ہوا تھا۔ بینک، پاسپورٹ آفس اور پریس کلب کو بند کر کے شہر کے ماحول کو کشیدہ کیا گیا۔
ترجمان بلوچستان حکومت کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان کی ہدایت پر وزرا اور اسپیکر نے اعلیٰ حکام کے ساتھ چمن کا دورہ کیا۔ بلوچستان حکومت نے بارہا مسئلے کو مذاکرات سے حل کرنے کی کوشش کی۔کئی ماہ سے جاری احتجاج کے دوران متعدد بار قانون اور ریاست کی رٹ کو چیلنج کیا گیا۔ احتجاج پر بیٹھے لغڑیوں نے مذاکرات میں سنجیدگی نہ دکھاتے ہوئے ڈیڈ لاک برقرار رکھا۔
ڈی سی کے مطابق گزشتہ رات ضلعی انتظامیہ نے چمن شہر میں امن وامان برقرار رکھنے کے لیے پرلت کمیٹی کے ساتھ مذاکرات کیے۔ ڈی سی آفس میں مذاکرات کے دوران لغڑیوں نے ڈپٹی کمشنر چمن راجا اطہر عباس پر حملہ کرنے کی کوشش کی۔ لیویز اہلکاروں نے بر وقت کارروائی کر کے انتشار پسند عناصر کو فوری طور پر گرفتار کرلیا۔
گزشتہ روز چمن میں پولیو مہم کے دوران شرپسند عناصر نے حملہ کر کے 2 لیویز اہلکاروں اور 2 پولیو ورکر خواتین کو تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔