پنجاب

گزشتہ مالی سال واپڈا پن بجلی گھروں سے 34 ارب یونٹ سے زائد سستی بجلی پیدا کی گئی


لاہور(قدرت روزنامہ) گزشتہ مالی سال کے دوران واپڈا پن بجلی گھروں سے نیشنل گرڈ کو 34 ارب یونٹ سے زائد سستی بجلی فراہم کی گئی۔ 24-2023ء کم لاگت اور ماحول دوست پن بجلی کی پیداوار کے حوالے سے بہتر سال ثابت ہوا۔ اس دوران واپڈا پن بجلی گھروں سے نیشنل گرڈکو 34ارب 43کروڑیونٹ سستی اور ماحول دوست بجلی مہیا کی گئی۔
پن بجلی کی یہ پیداوار سال 23-2022 کی نسبت 3ارب26کروڑ یونٹ زیادہ رہی۔ واپڈا پن بجلی کی اضافی پیداوار کے باعث قومی خزانہ کو143 ارب70کروڑ روپے کی بچت ہوئی۔ واپڈاپن بجلی پاکستان میں پیدا ہونے والی سستی ترین بجلی ہے، جس کا ٹیرف3روپے81پیسے فی یونٹ ہے۔
واپڈا پن بجلی پاکستان میں بجلی کے باسکٹ ٹیرف کو کم کرنے میں بنیادی کردار ادا کرتی ہے۔ نیشنل گرڈ میں واپڈا پن بجلی کا حصہ تقریباً 30فیصد ہے۔ واپڈا نیشنل گرڈ میں سستی پن بجلی کا تناسب بڑھانے کے لیے متعدد منصوبے تعمیر کر رہا ہے۔
واپڈا پن بجلی گھروں کی موجودہ پیداواری صلاحیت تقریباً ساڑھے9ہزار میگاواٹ ہے۔ واپڈا کے زیر تعمیر منصوبوں کی تکمیل پرپن بجلی کی پیداوار میں 11ہزار200 میگاواٹ اضافہ ہوگا۔ واپڈاکے زیرِتعمیر منصوبوں کی تکمیل پر آئندہ 5 برس میں پن بجلی کی مجموعی پیداوار 20 ہزار 700 میگاواٹ ہوجائے گی۔

متعلقہ خبریں