آئی سی سی ٹیسٹ بیٹرز رینکنگ میں بابر اعظم کس نمبر پر پہنچ گئے؟


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی ٹیسٹ بلے بازوں کی تازہ ترین رینکنگ جاری کر دی ہے، جس کے مطابق پاکستان کے مایہ ناز بلے باز بابر اعظم نے تیسری پوزیشن برقرار رکھی ہے۔
آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین رینکنگ کے مطابق نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن ٹیسٹ بیٹررز کی عالمی رینکنگ میں بدستور پہلے نمبر پر براجمان ہیں جبکہ انگلینڈ کے جو روٹ دوسرے نمبر پر براجمان ہیں۔
انگلینڈ کے ہیری بروک 3 درجے ترقی کے ساتھ 7 ویں اور انگلینڈ کے زیک کرولی 3 درجے ترقی کے ساتھ 13 ویں نمبر پر براجمان ہیں۔
بھارت کے روی چندرن اشون ٹیسٹ بولرز میں پہلے نمبر پر ہیں۔ انگلینڈ کے جیمز اینڈرسن نے اپنے ٹیسٹ کیریئر کا اختتام آٹھویں پوزیشن پر پہنچ کر کیا جبکہ شاہین شاہ آفریدی ٹیسٹ بولرز کی رینکنگ میں نویں نمبر پر موجود ہیں، بھارت کے رویندر جڈیجہ ٹیسٹ آل راؤنڈرز میں پہلے نمبر پر ہیں۔
اس سے قبل آئی سی سی نے تازہ ترین ٹی20 رینکنگ بھی جاری کی تھی جس مطابق بابر اعظم اور رضوان اپنی اپنی پوزیشنز پر برقرار رہے۔ بابراعظم اور محمد رضوان ٹی20 فارمیٹ میں بالترتیب 755 اور 746 ریٹنگ کے ساتھ چوتھے اور پانچویں نمبر براجمان رہے۔ جبکہ آسٹریلیا کے ٹریوس ہیڈ پہلے نمبر پر ہیں جبکہ بھارت کے سوریہ کمار یادو دوسرے نمبر پر ہیں۔
حال ہی میں زمبابوے کے خلاف پانچ میچوں کی ٹی 20 سیریز کھیلنے کے بعد ہندوستانی بلے بازوں کی تازہ ترین رینکنگ میں زبردست اضافہ ہوا ہے۔
زمبابوے کے ساتھ سیریز کے بعد بھارتی بلے باز شبھمن گل نے پانچ اننگز میں 170 رنز بنانے کے بعد 36 درجے ترقی کے ساتھ 37 ویں پوزیشن حاصل کی ہے۔ انہوں نے روہت شرما اور ویرات کوہلی جیسے کھلاڑیوں کو بھی پیچھے چھوڑ دیا جنہوں نے حال ہی میں ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 جیتنے کے بعد ٹی 20 انٹرنیشنل سے ریٹائرمنٹ لے لی تھی۔