سی پیک کا فائدہ گوادر کے عوام کو ہوگا، حکومت نے منفی پروپیگنڈوں کا مقابلہ کیا، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے چینی میڈیا کے ادارے سی جی ٹی این کے اردو پروگرام ٹاپ ویو کو ایک خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ سی پیک اور گوادر پورٹ اور چین کے ساتھ اشتراک کے مختلف منصوبوں کو مثالی قرار دیتے ہوئے کہا کہ چین کی جدت پسندانہ ترقی اور خوشحالی کی حکمت عملی سے خطے پر مثبت اثرات مرتب ہو رہے ہیں اور یہ خطہ ترقی کا ایک نیا دور دیکھے گا ۔ اپنے انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم میاں شہباز شریف نے وفد کے ہمراہ حال ہی میں چین کا کامیاب دورہ کیا ہے جسکی خصوصی اہمیت کا حامل ہے جس میں سی پیک کے فیز ٹو کے علاوہ، جدید چین کے معاشی نظام سے استفادہ کرنے اور کئی سمجھوتوں کی یادداشتوں پر بھی دستخط کیے گئے، جس سے پاکستان کو کافی فائدہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اس دورے کے مختلف شعبوں پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے جس میں زراعت، دفاع، صحت، انفرا اسٹرکچر اور دیگر شامل ہیں۔ دورے سے دوستی کو مزید تقویت ملے گی۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے مزید کہا کہ دورے میں تاریخی معاہدے ہوئے ہیں جوکہ انتہائی اہم تھے۔ موجودہ حکومت کی معاشی ویژن کو مزید فروغ ملے گا اور یہ تمام منصوبے کامیابی سے ہمکنار ہوں گے۔ گوادر میں بین الاقوامی سرمایہ کاری کے مواقعوں اور ترقی کے حوالے سے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے کہا کہ سی پیک کا پاکستان اور گوادر کے عوام کو فائدہ ہوگا۔ گوادر پورٹ کے باعث تجارت، زراعت اور دیگر شعبوں میں بہتری آئے گی۔ گوادر کے مقامی لوگ اس منصوبے کا خیر مقدم کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کے خلاف جو منفی پروپیگنڈا کیا جارہا تھا اس کا موجودہ حکومت نے بہت خوب طریقے سے مقابلہ کیا ہے اور سیکورٹی اداروں نے بھی اس میں بھرپور کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ گوادر پورٹ کی ترقی کے تعمیری نتائج برامد ہوں گے بلوچستان کے طلبا چین کے مختلف تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم ہیں اور اس کا فائدہ پاکستان اور بالخصوص بلوچستان کو ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت مقامی سطح پر عوام کی شراکت داری کو یقینی بنانے کے لیے مسلسل مقامی قیادت کے ساتھ رابطے میں ہے حکومت نے وہاں کے عوام کے امنگوں کی ترجمانی کی ہے اور منصوبوں کو اہم سمجھتے ہوئے انہیں بھرپور شمولیت کا موقع فراہم کر رہی ہے ۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے خیال ظاہر کیا کہ گوادر بین الاقوامی سطح پر ایک ایسی بندرگاہ ہے جس کا خطے کے ساتھ رابطہ کاری میں اہم کردار ہوگا اور اس بندرگاہ کے ذریعے تجارت درامدات و برامدات میں اضافہ بھی ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ اس کے معاشی اثرات زندگی کے ہر شعبے پر پڑیں گے ۔ گوادر کے لوگوں کو صحت اور تعلیم کی ضرورت ہے چین کے اقتصادی اقدام زندگی کے ہر شعبے میں بہتری لا رہے لا رہے ہیں اور جدت پسندانہ معاشی حکمت عملی کے اثرات عالمی سطح پر بھی مرتب ہو رہے ہیں اور یہ سب کے لیے بہتر ہوں گے انہوں نے کہا کہ چین کا یہ اقدام انتہائی خوش آئند ہے ۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے پاکستان اور چین دوستی کو ایک مضبوط چٹان کی مانند قرار دیا اور کہا کہ دونوں نے ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے انہوں نے کہا کہ چین اور پاکستان نے دوستی کو نئی بلندیوں پر پہنچانے کے لیے عملی اقدامات اٹھائے ہیں اور ہماری خواہش ہے کہ اس کو مزید وسعت دی جائے ۔ اس موقع پر ڈپٹی چیئرمین سینٹ نے پاکستان میں پائے جانے والے معدنیات کا بھی خصوصا ذکر کیا انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی نے پاکستان اور بلوچستان کو معدنیات کی نعمت سے نوازا ہے اور پاکستان دنیا کا دوسرا ملک ہے جس میں بلوچستان سندھ اور خیبر پختون خواہ میں کافی ساری معدنیات پائی جاتی ہیں معدنیات کے شعبے میں مزید تعلقات کو بڑھانے کی بھی ضرورت ہے انہوں نے کہا کہ سی پیک اور گوادر دوستی اور اعتماد کی عظیم مثال ہے اور اس کے ذریعے ہم زندگی کے ہر شعبے میں تبدیلی لا کر عوام کا معیار زندگی بہتر کر سکتے ہیں۔