’لندن جائیدادوں کی مالک ایم کیو ایم پاکستان ہے، جائیدادوں پر کسی اور کا حق نہیں: متحدہ
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ لندن میں ایم کیو ایم کی جائیدادوں پر شہدا کا حق ہے، جائیدادوں کی مالک ایم کیو ایم پاکستان ہے۔
ایم کیو ایم کے رہنما خالد مقبول صدیقی اور فاروق ستار نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم نے 22 اگست 2016 کو پاکستان کی حرمت کیلئے جدوجہد کا آغاز کیا تھا، لندن میں موجود ایم کیو ایم کی سابقہ قیادت کے جائیدادوں پر تنازعہ ہے، لندن میں سابقہ قیادت یہ تاثر دے رہے ہیں کہ وہ کامیاب ہوئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ لندن کی جائیدادوں کی مالک ایم کیو ایم پاکستان ہے، لندن کی جائیدادوں پر کسی اور کا حق نہیں، 6 پراپرٹیز کا کوئی اکیلا مالک نہیں، لندن میں ایم کیو ایم کے شہدا کی پراپرٹیز کی بندر بانٹ ہو رہی ہے، پراپرٹیز کسی کی ذاتی جیب میں نہیں جانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ لندن کی پراپرٹیز کو شہدا فاؤنڈیشن بناکر اس کے حوالے کرنا چاہتے ہیں، پراپرٹیز حاصل کرکے فلاحی کاموں پر خرچ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہم 23 اگست 2016 کو لندن سے لاتعلق ہوئے تھے، ہماری 22 اگست کے بعد لندن سے کوئی گفتگو نہیں ہوئی تھی،اگر ان کو شہدا کا اتنا درد ہے تو لندن سے ایک آدمی بھیجیں ہم ٹرسٹ بناتے ہیں، ہم ثابت کریں گے کہ یہ ایم کیو ایم والوں کی پراپرٹی ہے۔
خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ایم کیو ایم ایک ہی ہے جو الیکشن کمیشن میں رجسٹرڈ ہے، یہ پراپرٹی امانت ہے جس کی حفاظت ہماری ذمہ داری ہے۔