بھارت: ٹیکسی ڈرائیور نے خودکشی کرنے والی خاتون کو بالوں سے پکڑ کر جان بچالی، ویڈیو وائرل


ممبئی(قدرت روزنامہ)بھارت کے شہر ممبئی میں ایک ٹیکسی ڈرائیور نے آخری لمحات میں ایک پل سے چھلانگ لگا کر خودکشی کرنے والی خاتون کو بالوں سے پکڑ کر اس کی جان بچا لی۔
بھارتی میڈیا پر گزشتہ روز سے ایک ویڈیو بہت وائرل ہے جس میں ایک خاتون کو ممبئی ٹرانس ہاربر لنک پر بنے پل کے سکیورٹی بیرئیر سے سمندر میں چھلانگ لگانے کے لیے بیٹھے دیکھا جا سکتا ہے جبکہ سڑک پر ایک ٹیکسی کھڑی ہے جس کا ڈرائیور خاتون سے گفتگو کر رہا ہے۔
واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ٹیکسی ڈرائیور گفتگو سے خاتون کو چھلانگ لگانے سے روکنے کی کوشش کرتا ہے تاہم خاتون پل سے سمندر میں چھلانگ لگا دیتی ہے، ٹیکسی ڈرائیور پھرتی سے خاتون کے سر کے بالوں کو پکڑ لیتا ہے اور اسی اثنا میں کچھ دیگر افراد بھی موقع پر پہنچ جاتے ہیں اور خاتون کو بچا لیتے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق 56 سالہ خاتون کی شناخت ریما مکیش پٹیل کے نام سے ہوئی ہے جس نے پولیس کو بتایا کہ وہ پل پر اپنا توازن کھو بیٹھی تھی، تاہم پولیس نے خاتون کو تحویل میں لیکر معاملے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔