وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے تنخواہ دار طبقے کو خوشخبری سنادی


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے تنخواہ دار طبقے کو خوشخبری سناتے ہوئے کہا ہے کہ ان پر اضافی بوجھ کو کم کیا جائے گا۔
غیرملکی میڈیا کو انٹرویو کے دوران انہوں نے کہاکہ معاشی اصلاحات کے لیے ٹیکس نیٹ سے باہر موجود شعبوں کو دائرہ کارمیں لانا ہوگا، تنخواہ دار اور مینوفیکچرنگ طبقے پراضافی بوجھ کو کم کیا جائے گا۔
انہوں نے کہاکہ ریٹیلرز، ہول سیلرز، زراعت اورپراپرٹی شعبوں کو ٹیکس نیٹ میں لانا ہوگا، گزشتہ برس محصولات میں 29 فیصد اضافے کے باوجود ٹیکس ٹو جی ڈی پی کی شرح 9 فیصد رہی ہے، یہ شرح کسی بھی ملک کی معیشت کواستحکام نہیں دلا سکتی۔
انہوں نے کہاکہ حکومت اب نان فائلرکی اصطلاح ختم کرنے جارہی ہے، ٹیکس نہ دینے والوں پرایسی پابندیاں لگائیں گے کہ وہ بہت سے کام نہیں کرسکیں گے۔
وزیر خزانہ نے کہاکہ حکومت کے پاس لوگوں کے طرزِ زندگی کا ڈیٹا موجود ہے، لوگوں کے پاس کتنی گاڑیاں، بیرونِ ممالک سفر اور دیگر اخراجات کیا ہیں، سب کا ریکارڈ موجود ہے۔
محمد اورنگزیب نے کہاکہ اس ڈیٹا کو دیکھتے ہوئے ایف بی آرٹیکس ادا نہ کرنے والوں کوحراست میں لیے بغیر انہیں ٹیکس نیٹ میں لائے گا۔