پاک بھارت میچ سپر اوور میں جائیگا اور پاکستان کی فتح ہوگی،رمیز راجہ
جب بڑا میچ ہوتا ہے تو اس کا گراؤنڈ میں الگ منظر ہوتا ہے ، بھارت کے خلاف میچ کا دبائو نہیں لینا، چیئر مین پی سی بی
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجہ نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کا میچ سپر اوور میں جائیگا جس میں پاکستان کی فتح ہوگی۔چیئرمین پی سی بی نے نجی یونیورسٹی کے ایک پروگرام میں شرکت کی جہاں وہ طالب علموں کے سوالات کے جوابات دے رہے تھے۔پاک بھارت ٹاکرے سے متعلق ایک سوال کے جواب میں رمیز راجہ نے کہا کہ 24 اکتوبر کو پاک بھارت کا میچ سپر اوور میں جائیگا اور پاکستان جیتے گا۔انہوں نے کہا کہ جب بڑا میچ ہوتا ہے تو اس کا گراؤنڈ میں الگ منظر ہوتا ہے تاہم بھارت کے خلاف میچ کا دبائو نہیں لینا،
بس گیند کی طرف دیکھنا ہے، دبائہ لینے سے نہ رات کو نیند آئے گی نہ بھوک لگے گی،اچھا کھیلا بھی نہیں جائے گا۔قومی ٹیم کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ہماری ایسی ٹیم ہونی چاہیے تھی کہ سب کہتے بھارت کو ہرائیں گے اور ورلڈ کپ جیتیں گے، ہم نے پاکستان کو ایسی ٹیم بنانا ہے کہ سب اس کی جیت کیلئے اعتماد کریں۔انہوںنے کہاکہ ہمارے ہاں سلیکشن کے مسائل ہیں ٹیلنٹ کی نشاندہی نہیں ہوتی۔رمیز راجہ نے بتایا کہ نیوزی لینڈ اور انگلینڈ آنا چاہتے ہیں اس حوالے سے جلد سیریز ری شیڈولڈ ہونیکی خبر ملے گی، اس سلسلے میں ای سی بی کے چیف نومبر کے پہلے ہفتے میں پاکستان آرہے ہیں۔