لاہور اسلام آباد بس سروس کی بحالی کے لیے مالکان سے بات چیت جاری ہے، ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند نے کہا ہے کہ لاہور اسلام آباد بس سروس کی بحالی کے لیے مالکان سے بات چیت جاری ہے اور اس سلسلے میں مثبت پیش رفت ہو رہی ہے۔ حکومت ٹرانسپورٹرز کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہے اور ان کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے سرحدی علاقوں میں ٹرانسپورٹرز کے بعض تحفظات موجود ہیں، جنہیں دونوں صوبوں کی مشاورت سے حل کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔ انتظامی امور سے متعلق قابل حل مسائل پر بات چیت جاری ہے، تاکہ دونوں صوبوں کے درمیان ٹرانسپورٹ کے معاملات کو بہتر انداز میں چلایا جا سکے انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹرز پر واضح کر دیا گیا ہے کہ پبلک ٹرانسپورٹ میں کسی بھی قسم کی غیر قانونی اشیاء کی اسمگلنگ قابل قبول نہیں ہوگی۔ اس حوالے سے قانون نافذ کرنے والے ادارے اپنی ذمہ داریاں نبھائیں گے اور کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
ترجمان نے بتایا کہ ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، کمشنر کوئٹہ اور ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کی ٹرانسپورٹرز سے ملاقات ہوئی، جس میں ان کے مطالبات اور مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ٹرانسپورٹرز کے کچھ مطالبات وفاقی اداروں سے متعلق ہیں، جنہیں متعلقہ حکام کے سامنے رکھا جائے گا، تاکہ ان کا مناسب حل نکالا جا سکے۔
کمشنر کوئٹہ ڈویژن حمزہ شفقات نے کہا کہ ٹرانسپورٹرز کا ایک مطالبہ ژوب کے علاقے میں گزشتہ روز مشتعل ہجوم کے ہاتھوں جلائی جانے والی بس کے معاوضے سے متعلق ہے۔ اس مسئلے کے حل کے لیے کمشنر ژوب ڈویژن سے رابطہ کیا جا رہا ہے اور اس پر غور کیا جا رہا ہے کہ متاثرہ فریق کو کس طرح ریلیف فراہم کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹرز سے بات چیت جاری ہے اور قابل عمل مطالبات پر عمل درآمد کے لیے سنجیدہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ حکومت عوامی مسائل کے حل کے لیے مخلص ہے، لیکن ٹرانسپورٹرز کو بھی سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا اور عوامی مشکلات کا احساس کرنا چاہیے۔ ٹرانسپورٹ سیکٹر میں بہتری کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھایا جا رہا ہے، تاکہ مسافروں اور ٹرانسپورٹرز دونوں کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *