وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا گرین و پنک بسوں کی جلد تعارفی کی ہدایت، محکمہ مذہبی امور کے منصوبوں میں سست روی پر برہمی کا اظہار

کوئٹہ (قدرت روزنامہ) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ گرین و پنک بسوں کو جلد روڈز پر لایا جائے تاکہ عوام کو بہتر سفری سہولتیں فراہم کی جا سکیں۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے محکمہ مذہبی امور کے منصوبوں میں سست روی پر اپنے شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو جلد کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت دی۔
یہ ہدایات وزیر اعلیٰ کی زیر صدارت پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ایس ڈی پی) پر عمل درآمد اور ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت کے حوالے سے منعقد ہونے والے اجلاس میں دی گئیں۔ اجلاس میں وفاقی پی ایس ڈی پی میں بلوچستان کے لیے مختص ترقیاتی فنڈز کے اجراء میں سست روی کا معاملہ اٹھایا گیا، جس پر وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ میر ظہور بلیدی نے وزیر اعلیٰ کو تفصیلات سے آگاہ کیا۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اس صورتحال پر وزیر اعظم پاکستان کو فوری طور پر خط لکھنے کا فیصلہ کیا، تاکہ بلوچستان کے منصوبوں کے لیے فنڈز کے اجراء میں رکاوٹوں کو دور کیا جا سکے۔ انہوں نے تمام محکموں کو ہدایت کی کہ وہ وفاقی منصوبوں کی فنڈز کے اجراء کی تفصیلات فراہم کریں، اور کچھی کینال جیسے اہم منصوبوں کے فنڈز کی تاخیر پر مفصل خط وزیر اعظم کو بھیجا جائے۔
اجلاس میں وزیر ترقیات و منصوبہ بندی میر ظہور احمد بلیدی، وزیر آبپاشی میر محمد صادق عمرانی، وزیر انڈسٹریز سردار کوہیار خان ڈومکی، وزیر خزانہ میر شعیب نوشیروانی، چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ شہاب الدین اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات حافظ عبدالباسط سمیت تمام محکموں کے سیکرٹریز نے شرکت کی۔
وزیر اعلیٰ نے تمام ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت تیز کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ رواں سال جون تک 90 فیصد منصوبوں پر کام مکمل کیا جائے۔ انہوں نے محکمہ خزانہ کو منظور شدہ منصوبوں کے لیے بلا تاخیر فنڈز کے اجراء کی ہدایت دی اور فنڈز کے اجراء میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے مالیاتی قوانین میں بہتری لانے کے لیے ایک کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیا۔
وزیر اعلیٰ نے محکمہ صحت کی سروسز کی بہتری کے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے نصیر آباد میں گمبٹ کی طرز پر منظور شدہ اسپتال کی جلد تعمیر کا حکم دیا۔ فاریسٹ ڈیپارٹمنٹ کے منصوبوں کے حوالے سے وزیر اعلیٰ نے حکام سے استفسار کیا، لیکن افسران تسلی بخش جواب نہ دے سکے، جس پر وزیر اعلیٰ نے برہمی کا اظہار کیا اور چیف سیکرٹری بلوچستان کو ذمہ دار افسران کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی۔
وزیر اعلیٰ نے پریس کلب تربت اور پریس کلب جعفر آباد کے تمام ترقیاتی فنڈز کے فوری اجراء کا حکم دیا اور دونوں پریس کلبز کو جون تک مکمل کرنے کی ہدایت کی۔
وزیر اعلیٰ سرفراز بگٹی نے کہا کہ پی ایس ڈی پی کو عوامی ضروریات سے ہم آہنگ کر کے پائیدار ترقیاتی منصوبے یقینی بنائیں گے اور عوام کے مفاد میں عملی اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومتوں کے بدلنے سے عوام کے مفاد میں کیے جانے والے اقدامات ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے۔