ہانیہ عامر اور دلجیت دوسانجھ کس خفیہ پراجیکٹ کی تیاری کر رہے ہیں؟


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستانی باصلاحیت، مایہ ناز اور معروف اداکارہ ہانیہ عامر اور بھارتی گلوکار دلجیت دوسانجھ کی ایک تصویر سوشل میڈیا پر سامنے آئی ہے جس میں انہیں ایک ساتھ دیکھ کر قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں کہ ہانیہ عامر جلد انڈین فلم میں نظر آئیں گی۔
سوشل میڈیا پر گردش کی جانے والی تصویر میں ہانیہ عامر انڈین پنجابی فلم ’سردار جی ‘2 کی کاسٹ کے درمیان کھڑی تھیں اور سامنے میز پر کیک بھی رکھا ہوا تھا۔
سوشل میڈیا صارفین کا کہنا تھا کہ ہانیہ عامر دلجیت دوسانجھ کے نئے گانے میں نظر آئیں گی جبکہ کئی صارفین کے مطابق انہیں پنجابی فلم ’سردار جی 2‘ میں کاسٹ کر لیا گیا ہے۔
اس سے قبل ہانیہ عامر اور دلجیت دوسانجھ کی ایک جیسی انسٹا اسٹویز بھی سامنے آئی تھیں جس سے صارفین نے اندازہ لگایا کہ دونوں فنکار ساتھ کوئی پراجیکٹ کر رہے ہیں تاہم دونوں کی جانب سے اس کی تصدیق یا تردید سامنے نہیں آئی تھی۔
واضح رہے کہ پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر اپنی خوبصورتی اور اداکاری کے ٹیلنٹ کے باعث بیحد مقبول ہیں اور مداح انہیں سوشل میڈیا پر باقائدگی سے فالو کرتے ہیں۔
ہانیہ عامر نے حال ہی میں لندن میں ایک فنڈ ریزنگ پروگرام میں شرکت کی تھی، جہاں انہوں نے حاضرین کے مختلف سوالات کے جواب بھی دیے۔ ایک مداح نے دورانِ پروگرام اداکارہ سے سوال کیا کہ اگر بالی ووڈ سے انہیں فلم کی پیشکش ہوئی تو کیا وہ اس پیشکش کو قبول کریں گی؟ ہانیہ عامر نے اس کا جواب دیتے ہوئے کہا تھا بالکل! اگر پیشکش آتی ہے اور پراجیکٹ اچھا ہوا تو وہ ضرور کام کریں گی۔
اس سے قبل مانچسٹر میں منعقدہ تقریب میں ہانیہ عامرسے جب پوچھا گیا کہ کیا وہ کبھی بالی ووڈ فلموں یا میوزک ویڈیوز میں کام کریں گی؟ انہوں نے جواب دیا تھا کہ ’جب بھی یہ سوال پوچھا جاتا ہے، ایسا لگتا ہے جیسے یہ کرنا کچھ غلط ہے۔ لیکن یہ فن ہے، اور مجھے اس سے کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ اور مجھے یہ محسوس ہوتا ہے کہ میں اس میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر سکتی ہوں، تو کیوں نہیں؟‘۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *