سینیٹ اجلاس، بھارتی جارحیت کیخلاف شاندار فتح پر افواجِ پاکستان کو خراج تحسین

ہماری قوم متحد ہے، کوئی بیرونی طاقت ہمیں توڑ نہیں سکتی، سینیٹر بیرسٹر علی ظفر
پاکستانی فتح کا سب سے مثبت پہلو یہ ہے کہ حکومت اور اپوزیشن ایک پیج پر ہیں، یہ اتحاد پہلے کبھی دیکھنے میں نہیں آیا،سینیٹر عرفان صدیقی
مودی اس خطے کو تباہ کرنا چاہتا تھا لیکن ہماری افواج نے مودی کے اس خواب کومٹی میں ملا دیا، علامہ ناصر عباس نے
اسلام آباد (قدرت روزنامہ ) ایوان بالا کے اجلاس میں بھارتی جارحیت کیخلاف پاکستانی افواج کی شاندار کامیابی افواجِ پاکستان کو خراج تحسین پیش کیا گیا ۔جمعہ کو پریزائیڈنگ آفیسر سینیٹر شیری رحمان کی صدارت میں منعقدہ اجلاس میں سینیٹر بیرسٹر علی ظفر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنے دوست ممالک پر فخر ہے جو مشکل وقت میں ہمارے ساتھ کھڑے رہے۔ ہمیں اپنی بہادر افواج اور میڈیا پر ناز ہے جنہوں نے انتہائی پیشہ ورانہ انداز میں دشمن کا مقابلہ کیا۔سینیٹر بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ مودی کو اپنے رافیل طیاروں اور مہنگے ہتھیاروں پر بڑا غرور تھا، مگر ہماری پاک فضائیہ نے ایک رات میں یہ غرور خاک میں ملا دیا۔ دشمن نے بزدلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے رات کے اندھیرے میں حملہ کیا، مگر ہماری افواج کے جواب نے انہیں بوکھلا دیا۔ بیرسٹر علی ظفر نے مزید کہا کہ ہم ہندوستان کی طرح شہریوں کو نشانہ نہیں بناتے۔ آج ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ بانی پی ٹی آئی کو فوری رہا کیا جائے، کیونکہ جب بات قومی سلامتی کی ہو تو کوئی جماعت نہیں، صرف پاکستان ہوتا ہے۔ ہماری قوم متحد ہے، کوئی بیرونی طاقت ہمیں توڑ نہیں سکتی۔سینیٹر عرفان صدیقی نے سینیٹ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی جارحیت کے جواب میں پاکستانی فتح کا سب سے مثبت پہلو یہ ہے کہ حکومت اور اپوزیشن ایک پیج پر ہیں۔ یہ اتحاد پہلے کبھی دیکھنے میں نہیں آیا۔عرفان صدیقی نے مزید کہا کہ افواجِ پاکستان نے ثابت کر دیا کہ جنگیں ہتھیاروں سے نہیں بلکہ جذبے سے جیتی جاتی ہیں، اور عوام و پارلیمنٹ کی یکجہتی بے مثال رہی۔عرفان صدیقی نے کہا کہ بھارت کا ہر ہمسایہ اس کی پالیسیوں سے تنگ ہے، چاہے وہ نیپال ہو، بھوٹان، سری لنکا یا پاکستان۔ بھارت کو پلوامہ واقعے کی شفاف تحقیقات کروانی چاہئیں، وزیراعظم شہباز شریف اس کے لیے تیار ہیں۔ سینیٹر عرفان صدیقی نے مزید کہا کہ بھارت پاکستان کو کبھی غزہ نہیں بنا سکتا، اور یہ پیغام دشمن کو اچھی طرح مل چکا ہے۔ علامہ ناصر عباس نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مودی اس خطے کو تباہ کرنا چاہتا تھا لیکن ہماری افواج نے مودی کے اس خواب کومٹی میں ملا دیا۔