سندھ طاس معاہدے کی منسوخی عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے، اسحاق ڈار

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی یکطرفہ منسوخی بلاجواز اور بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اس جارحانہ اقدام کا نوٹس لے۔
نجی ٹی وی چینل آج نیوز کے مطابق نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے ہانگ کانگ میں عالمی ثالِثی تنظیم کے افتتاحی کنونشن میں شرکت کی جہاں انہوں نے بین الاقوامی تنظیم برائے ثالثی کے قیام سے متعلق کنونشن پر دستخط کیے۔
تقریب سے خطاب کے دوران اسحاق ڈار نے واضح کیا کہ بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کو یکطرفہ طور پر ختم کرنے کی کوششیں جنوبی ایشیا میں آبی امن کے لیے خطرہ ہیں اور یہ عمل عالمی معاہدوں کی خلاف ورزی کے مترادف ہے۔
انہوں نےمزید کہا کہ پاکستان اپنے جائز حقوق کے تحفظ کے لیے ہر بین الاقوامی فورم پر آواز بلند کرتا رہے گا۔