کیا راشد خان نے دوسری شادی کرلی؟ وائرل تصاویر پر افغان کرکٹر کی وضاحت نے نیا سوال کھڑا کردیا

افغانستان (قدرت روزنامہ)افغان کرکٹ ٹیم کے لیگ اسپنر راشد خان نے تصدیق کی ہےکہ ایک تقریب کے دوران ان کے ساتھ دیکھی جانے والی خاتون دراصل ان کی اہلیہ ہیں۔
سوشل میڈیا پر ایک خاتون اور راشد خان کی تصاویر وائرل تھیں جس میں دونوں کو ایک تقریب میں ساتھ دیکھا گیا، تصاویر پر صارفین کی جانب سے مختلف قیاس آرائیاں کی جارہی تھیں۔
افغان میڈیا کے مطابق یہ تقریب نیدرلینڈز میں منعقد ہوئی جس کا مقصد فلاحی کاموں کے لیے فنڈ جمع کرنا تھا۔
راشد خان نے وضاحت جاری کرتے ہوئے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک پوسٹ میں انکشاف کیا کہ ان کا نکاح 2 اگست 2025 کو ہوا، جسے انہوں نے اپنی زندگی کا ‘نیا اور بامعنی باب’ قرار دیا۔
سوشل میڈیا پر ایک خاتون اور راشد خان کی تصاویر وائرل تھیں،فوٹو: انٹرنیٹ
راشد خان نے پوسٹ میں اپنی تصاویر شیئرکیں جنہیں دیکھ کر لگتا ہے کہ وہ ان کی نکاح کی تصاویر ہیں۔ تاہم انہوں نے اپنی اہلیہ کی کوئی تصویر پوسٹ نہیں کی اور نہ ہی انہوں نے وائرل تصاویر ری پوسٹ کی۔
انہوں نے اپنی اہلیہ کے بارے میں کہا کہ وہ ایسی شخصیت ہیں جو ‘محبت، س

کون اور رفاقت کی وہ تصویر ہیں جس کی میں ہمیشہ خواہش رکھتا تھا۔’
راشد خان نے وائرل تصاویر کے حوالے سے کہا کہ ‘یہ افسوس کی بات ہےکہ ایک سادہ سی بات پر اس قدر مفروضے قائم کیے جا رہے ہیں۔ بغیر کچھ چھپائے حقیقت واضح ہے، وہ میری بیوی ہے اور ہم دونوں ایک ساتھ ہیں۔’
انہوں نے اپنی پوسٹ کے آخر میں لکھا ‘ان تمام لوگوں کا شکریہ جنہوں نے محبت، حمایت اور سمجھ داری کا مظاہرہ کیا۔’
راشد خان نے وائرل تصاویر پر تو وضاحت کردی تاہم ان کی پوسٹ نے نئی بحث کو جنم دے دیا ہے اور سوشل میڈیا صارفین سوال کر رہے ہیں کہ کیا راشد خان نے دوسری شادی کی ہے؟
خیال رہے کہ راشد خان نے 3 اکتوبر 2024 میں کابل میں ایک شادی کی تقریب بھی منعقد کی تھی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق راشد خان کی شادی 3 اکتوبر کو افغان دارالحکومت کابل میں ہوئی تھی، کرکٹر کی شادی پشتون روایات کے مطابق ہوئی جس میں محمد نبی سمیت افغان ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں نے بھی شرکت کی۔
سابق افغان کپتان محمد نبی کی جانب سے راشد خان کی شادی کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے انہیں مبارکباد بھی دی گئی۔
اس حوالے سے خود راشد خان نے بھی انسٹاگرام پر تصاویر پوسٹ کی تھیں۔
اب حالیہ پوسٹ میں راشد خان کا کہنا ہے کہ انہوں نے 2 اگست 2025 کو شادی کی، اسی وجہ سے صارفین کا کہنا ہے کہ یہ راشد خان کی دوسری شادی ہے تاہم راشد خان نے اس حوالے سے کوئی وضاحت نہیں دی۔
