کوئٹہ: سوشل میڈیا پر شدید تنقید کے بعد انسکمب روڈ سمیت مختلف علاقوں سے رکاوٹیں ہٹا دی گئیں، ٹریفک بحال


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)شہریوں کی جانب سے سوشل میڈیا پر شدید تنقید اور بھرپور آواز اٹھائے جانے کے بعد ضلعی انتظامیہ نے شہر کے مختلف علاقوں میں سیکیورٹی کے نام پر لگائی گئی رکاوٹیں ہٹا دیں، جس کے بعد ٹریفک کی روانی بحال ہوگئی۔
انتظامیہ نے انسکمب روڈ، جعفر جمالی روڈ، پرنس روڈ، افغان سفارتخانے کے اطراف اور شہر کے دیگر اہم مقامات سے رکاوٹیں ختم کر دیں۔ گزشتہ کئی دنوں سے شہری سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر شکایات کر رہے تھے کہ ان سڑکوں کی بندش سے روزمرہ زندگی بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔
شہریوں کے مطابق سڑکوں کی بندش کی وجہ سے ایمبولینسوں کی آمدورفت میں تاخیر، دفاتر اور تعلیمی اداروں تک پہنچنے میں مشکلات اور کاروبار میں رکاوٹیں سامنے آ رہی تھیں، جس پر عوام نے بھرپور احتجاج کیا۔
مسلسل عوامی دباؤ کے بعد انتظامیہ اور متعلقہ اداروں نے صورتحال کا جائزہ لیا اور تمام رکاوٹیں ہٹانے کا فیصلہ کیا۔
رکاوٹیں ختم ہونے کے بعد ٹریفک معمول کے مطابق روانی کے ساتھ جاری ہے۔ شہریوں نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے اسے عوامی آواز کی کامیابی قرار دیا۔
شہری حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ آئندہ سیکیورٹی اقدامات کے نام پر اہم شاہراہوں کو بند کرنے سے پہلے عوامی مفاد کو لازمی مدنظر رکھا جائے تاکہ شہریوں کو غیر ضروری مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

WhatsApp
Get Alert