25 کلو واٹ اور اس سے کم سولر صارفین کیلئے نیپرا سے لائسنس کی شرط ختم کر دی گئی

اسلام آباد(قدرت روزنامہ) 25 کلو واٹ اور اس سے کم سولر صارفین کیلئے نیپرا سے لائسنس کی شرط ختم کر دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق نیپرا کی جانب سے سولر صارفین کو خوشخبری سنائی گئی ہے۔ اب 25کلو واٹ سے کم سولر صارفین کو سولرسسٹم لگانے کیلئے لائسنس کی ضرورت نہیں ہو گی۔ نیپرا نے پاور ڈویژن کی درخواست پر لائسنس کی شرط ختم کر دی۔
نیپرا کی جانب سے 25 کلو واٹ اور اس سے کم سولر صارفین کیلئے لائسنس کی شرط ختم کرنے کا نوٹیفیکیشن بھی جاری کر دیا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ وفاقی وزیر اویس لغاری کی جانب سے نیپرا کوخط تحریر کیا گیا تھا۔ حکومت نے 25 کلوواٹ تک کے سولر صارفین کے لیے فیس ختم کرنے کی تجویز دیتے ہوئے نیپرا کو اہم مراسلہ ارسال کیا، اس سلسلے میں پاور ڈویژن نے چھوٹے سولر سسٹمز پر لائسنس کی شرط ختم کرنے اور 2015ء کے پرانے نیٹ میٹرنگ ضوابط بحال کرنے کی سفارش کی۔
اس حوالے سے پاور ڈویژن نے ایک بیان بھی جاری کیا، جس میں بتایا گیا کہ وزیرِ توانائی سردار اویس احمد خان لغاری کی ہدایت پر، پاور ڈویژن نے نیپرا سے 25اور 25کلو واٹ سے کم سولر صارفین کے لیے فیس ختم کرنے اور لائسنس کی ضرورت نہ ہونے کیلیے نظرِ ثانی کا باضابطہ کہہ دیا ہے، پاور ڈویژن کے ادارے نے پہلے بھی اس فیصلے کے مضر اثرات پر نیپرا کو آگاہ کیا تھا اور اس کو پرانے ریگولیشنز کے مطابق کرنے کی درخواست کی تھی۔
(1/2) وزیرِ توانائی سردار اویس احمد خان لغاری کی ہدایت پر، پاور ڈویژن نے نیپرا سے 25اور 25کلو واٹ سے کم سولر صارفین کے لیے فیس ختم کرنے اور لائسنس کی ضرورت نہ ہونے کیلیے نظرِ ثانی کا باضابطہ کہہ دیا ہے ۔ pic.twitter.com/uWA5RHZoLw
— MOE- Power Division, Government of Pakistan (@MoWP15) April 26, 2026
بتایا گیا کہ مراسلے میں ریگولیشنز 2026ء پر بھی تحفظات کا اظہار کیا گیا، پاور ڈویژن نے ڈسکوز کو دوبارہ منظوری کا اختیار دینے، بیوروکریٹک رکاوٹیں ختم کرنے اور چھوٹے صارفین پر فیس کو قابلِ تجدید توانائی کے فروغ میں رکاوٹ قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ گھریلو صارفین کے لیے سولر سسٹم لگانے کا عمل آسان بنایا جائے۔
