علی زیدی نے وزیر اعظم عمران خان کی ویڈیو لنک پیشی کی ویڈیو شیئر کر دی

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وفاقی وزیر برائے پورٹ اینڈ شپنگ علی زیدی نے وزیراعظم عمران خان کی ویڈیو لنک کے ذریعے اسلام آباد کی ضلعی عدالت میں پیشی کی ویڈیو شیئر کر دی۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیئر کی گئی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ وزیراعظم عمران خان 17 دسمبر کو نون لیگ کے خواجہ آصف کے خلاف ہتک عزت کے دعوے کے کیس میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کے سامنے پیش ہوئے۔


سماعت کے آغاز پر وزیراعظم سے جج نے بیان حلفی اور دستخطوں کی تصدیق کرائی، وزیراعظم نے کہا کہ انہوں نے اوتھ کمشنر کی موجودگی میں بیان حلفی پر خود دستخط کئے۔
وزیراعظم نے کہاکہ بیان حلفی میں جو معلومات دیں وہ بھی سچ پر مبنی ہیں، بیان کے ساتھ منسلک کاغذات کے درست ہونے کی بھی تصدیق کی۔واضح رہے کہ مسلم لیگ نون کے رہنما خواجہ آصف نے وزیرِ اعظم عمران خان پر شوکت خانم اسپتال کے فنڈ میں غیر شفافیت کا الزام لگایا تھا جس پر وزیرِ اعظم نے خواجہ آصف کے خلاف 10 ارب روپے ہرجانے کا دعویٰ دائر کیا تھا۔
وزیرِ اعظم اپنے وکیل سینیٹر ولید اقبال کی موجودگی میں ای کورٹ میں پیش ہوئے۔اس موقع پر وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ ای کورٹ سے عدالتی کارروائی چلانا ایک خوش آئند اقدام ہے، اس کارروائی میں وقت اور پیسے دونوں کی بچت ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ای کورٹ سے کارروائی کیسز کو وقت پر نمٹانے میں معاون ثابت ہوگی۔وزیرِ اعظم عمران خان نے مزید کہا کہ شوکت خانم ٹرسٹ دنیا میں منفرد اور واحد مفت کینسر کے علاج کا اسپتال چلا رہی ہے۔ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ فلاحی منصوبے پر جھوٹے الزامات لگا کر سیاست کے لیے استعمال کرنا افسوس ناک ہے، عدالت سے امید ہے کہ وہ ایسے الزامات پر مثالی فیصلہ دے گی۔