معرکہ حق نے دشمن کے غرور کو خاک میں ملا کر قومی یکجہتی کا بھرپور مظاہرہ کیا، میر علی حسن زہری

حب (ڈیلی قدرت کوئٹہ) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی سینئر رہنما ، ترجمان صدر آصف علی زرداری و سینئر صوبائی نائب صدر بلوچستان میر علی حسن زہری نے معرکہ حق کی مناسبت سے اپنے ایک بیان قوم اور پاک افواج کو کراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ پاکستان کی تاریخ کا ایک عظیم، فیصلہ کن اور یادگار باب ہے جب دشمن کے غرور اور برتری کے دعوؤں کو خاک میں ملا کر قومی طاقت اور یکجہتی کا بھرپور مظاہرہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اس معرکے نے دنیا پر واضح کر دیا کہ پاکستان اپنی خودمختاری، سلامتی اور دفاع کے معاملے میں کسی دباؤ یا کمزوری کو ہرگز قبول نہیں کرتا۔ میر علی حسن زہری نے کہا کہ یہ کامیابی صرف عسکری میدان تک محدود نہیں بلکہ پوری قوم کے غیر متزلزل عزم، اتحاد اور قربانیوں کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ معرکہ حق کے دوران پاکستانی قوم نے جس جذبہ یکجہتی اور ولولے کا مظاہرہ کیا اور اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہو کر وطن کا دفاع کیا، وہ تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔ انہوں نے چیف آف ڈیفنس اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قائدانہ صلاحیتوں اور مؤثر جنگی حکمت عملی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی بصیرت افروز قیادت نے دشمن پر یہ حقیقت آشکار کر دی کہ پاکستانی افواج ہر قسم کی جارحیت اور مسلط کردہ جنگ کا منہ توڑ جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا نے دیکھا کہ پاکستانی قوم اور افواج نے یکجا ہو کر ازلی دشمن بھارت کے جنگی جنون کو خاک میں ملا دیا اور اپنی برتری ثابت کی۔میر علی حسن زہری نے کہا کہ بری فوج کے ساتھ ساتھ پاک فضائیہ اور پاک بحریہ نے بھی اپنی پیشہ ورانہ مہارت اور غیر معمولی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا، اور فضا اور سمندر دونوں محاذوں پر اپنی برتری منوا کر دشمن کو بھاری نقصان پہنچایا جبکہ وطنِ عزیز کی جغرافیائی سرحدوں کا مؤثر دفاع یقینی بنایا۔ انہوں نے پاک افواج کی پیشہ ورانہ مہارت، غیر معمولی جرات اور بہترین حکمت عملی کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہماری افواج نے نہ صرف دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا بلکہ عالمی سطح پر پاکستان کا وقار بھی بلند کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ شہداء اور غازی قوم کا عظیم سرمایہ ہیں جنہوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر وطن عزیز کی آن، شان اور خودمختاری کا دفاع کیا، اور ان کی قربانیاں ہمیشہ آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ رہیں گی۔ میر علی حسن زہری نے مزید کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار اور پرامن ملک ہے جو خطے میں امن، استحکام اور باہمی احترام کا خواہاں ہے، تاہم قومی سلامتی اور خودمختاری پر کسی قسم کا سمجھوتہ ممکن نہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملک کے دفاع، ترقی اور استحکام کے لیے پوری قوم اور تمام ادارے متحد ہیں اور ہر قسم کی جارحیت کا مؤثر اور بھرپور جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں۔
