جیونی میں سمندری راستے سے کوسٹ گارڈ ٹیم پر حملہ، دو اہلکار جاں بحق، سیکیورٹی حکام

کوئٹہ(ڈیلی قدرت کوئٹہ)گوادر کی تحصیل جیونی میں پاک ایران سمندری حدود کے قریب مسلح افراد نے پاکستان کوسٹ گارڈ کی گشتی ٹیم کو نشانہ بنایا ہے، جس کے نتیجے میں دو اہلکار جاں بحق ہو گئے۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق جمعہ کی شام جیونی کے ساحلی علاقے “مچیں کاپر” میں کوسٹ گارڈ کی ٹیم معمول کے گشت پر تھی کہ گھات لگائے نامعلوم مسلح افراد نے ان پر اچانک اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ حملے میں دو اہلکار شدید زخمی ہوئے جو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔علاقائی ذرائع اور عینی شاہدین کے مطابق حملہ آور اسپیڈ بوٹ کے ذریعے سمندری راستے سے آئے تھے اور کارروائی مکمل کرنے کے بعد اسی تیز رفتار بوٹ کے ذریعے دوبارہ سمندر کے راستے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ واقعے کے فورا بعد سیکیورٹی فورسز کی اضافی نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور علاقے کی ناکہ بندی کر کے سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ جیونی کے ساحلی علاقوں میں اس سے قبل بھی کوسٹ گارڈ کے اہلکاروں پر حملے ہو چکے ہیں، جن میں قیمتی جانی نقصان ہوا ہے۔ سیکیورٹی حکام نے سمندری حدود میں نگرانی کے نظام کو مزید سخت کر دیا ہے۔

WhatsApp
Get Alert