مولانا فضل الرحمان اور نواز شریف کا حکومت کو ٹف ٹائم دینے پر اتفاق

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف اور سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمان حکومت کے خلاف پھر سرگرم ہو گئے ہیں۔دونوں رہنماؤں کے درمیان رابطہ ہوا اور ملک کی مجموعی سیاسی و معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ذرائع کے مطابق اسمبلیوں سے مستعفی نہ ہونے کے فیصلے پر نواز شریف نے مولانا فضل الرحمان کا شکریہ ادا کیا۔دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیاکہ پارلیمنٹ کے اندر رہ کر اس حکومت کو ٹف ٹائم دیتے رہیں گے۔
منی بجٹ کی قومی اسمبلی سے منظوری روکنے کی حکمت عملی پر بھی بات چیت ہوئی۔ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کے نائب صدرشہباز شریف کو حکومتی اتحادیوں سے منی بجٹ کی حمایت نہ کرنے پر آمادہ کرنے کےلئے ٹاسک دیا ہے۔دونوں رہنماؤں نے منی بجٹ کو مسترد کرتے ہوئے ہر فورم پر مخالفت پر اتفاق کیا۔
پی ڈی ایم کے 23 مارچ کے مہنگائی مارچ کی تیاریوں پر بھی بات چیت کی گئی۔نوازشریف نے خیبرپختونخوا کے بلدیاتی انتخابات میں کامیابی پر سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمان کو مبارک باد دی۔مستقبل میں بھی پی ڈی ایم کے پلیٹ فورم کو موثر انداز میں استعمال کرنے پر اتفاق ہوا۔
نوازشریف نے مختلف شخصیات سے ملاقاتوں اور رابطوں کے بارے میں اعتماد میں بھی لیا۔ذرائع کے مطابق دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیاکہ عوامی خواہشات اور جمہوریت کے منافی کوئی اقدام قبول نہیں کیا جائے گا۔دونوں رہنماؤں نے رواں سال شفاف انتخابات کو یقینی بنانے کے لیے حکومت پر دباؤ جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔