شارجہ ؛ غیرملکی خاتون رہائشی عمارت کی 12 ویں منزل سے گر کر موت کے منہ میں چلی گئی

شارجہ (قدرت روزنامہ) متحدہ عرب امارات کی ریاست شارجہ میں ایک غیرملکی خاتون رہائشی عمارت کی 12 ویں منزل سے گر کر موت کے منہ میں چلی گئی۔ اماراتی میڈیا کے مطابق شارجہ پولیس نے بتایا کہ پیر کی صبح ریاست کے المجاز کے علاقے میں ایک 41 سالہ خاتون شارجہ میں رہائشی عمارت کی 12ویں منزل سے گر کر ہلاک ہوگئی ، پولیس کو پیر کی صبح سویرے آپریشن روم سے کال موصول ہونے والی کال کے ذریعے شارجہ کی ایک رہائشی عمارت میں ہونے والے اس واقعے سے آگاہ کیا گیا۔
بتایا گیا ہے کہ واقعے کی اطلاع ملنے کے فوری بعد ہی پولیس اور طبی عملہ جائے وقوعہ پر پہنچا اور دیکھا کہ ازبکستان سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون کو گرنے سے شدید چوٹیں آئیں اور وہ خاتون اپنے ہی خون کے تالاب میں مردہ پائی گئی کیوں کہ وہ کھوپڑی کے متعدد فریکچر اور پھیپھڑوں میں اندرونی خون بہنے کا شکار ہوئی جس کی وجہ سے اسے جائے وقوعہ پر ہی مردہ قرار دے دیا گیا۔

معلوم ہوا ہے کہ خاتون کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے فرانزک لیبارٹری منتقل کیا گیا جہاں ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلتا ہے کہ خاتون نے خودکشی کی ہے تاہم پولیس حکام نے کہا ہے کہ وہ اپنی تحقیقات مکمل کرنے کے بعد ہی اس حوالے سے کچھ کہیں گے جس کے لیے متعدد افراد کو پوچھ گچھ کے لیے حراست میں لیا گیا ہے جب کہ شارجہ کے پراسیکیوٹرز نے خاتون کے جسم کا فرانزک لیب میں معائنہ کرانے کا حکم دیا ہے۔
دوسری جانب شارجہ میں عمارت کی تیسری منزل سے چھلانگ لگانے والا شخص معجزانہ طور پر زندہ بچ گیا ، پولیس چھاپے کے دوران گرفتاری سے بچنے کیلئے چھلانگ لگانے والے 45 سالہ بنگلہ دیشی شہری کی عمارت کی تیسری منزل سے گرنے سے ایک ٹانگ اور کھوپڑی ٹوٹ گئی تاہم شارجہ کے النبہ علاقے میں ایک 45 سالہ مفرور بنگلہ دیشی شخص ، جس کی شناخت ایم او کے طور پر ہوئی ہے ، اس وقت موت سے معجزانہ طور پر بچ گیا جب اس نے پولیس کے چھاپے کے دوران گرفتاری سے بچنے کے لیے ایک عمارت کی تیسری منزل سے چھلانگ لگا دی تاہم ، عمارت کی تیسری منزل سے گرنے سے اس کی ٹانگ اور کھوپڑی ٹوٹ گئی ، جس پر اسے قومی ایمبولینس کے ذریعے ہسپتال لے جایا گیا۔