بی ایم ڈبلیو نے سیکنڈوں میں رنگ بدلنے والی کار پیش کردی

لاس ویگاس(قدرت روزنامہ) امریکی شہر لاس ویگاس میں جاری کنزیومر الیکٹرونکس شو (سی ای ایس2022)میں بی ایم ڈبلیو نے ایک نئی کار پیش کی ہے جو صرف چند سیکنڈ میں اپنا رنگ تبدیل کرسکتی ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق آئی ایکس فلوکہلانے والی اس کار کے رنگ میں وہی ای اِنک (برقی روشنائی)شامل ہے جو پچھلے کئی سال سے ایمیزون کنڈل اور دوسرے ای بک ریڈرز میں استعمال ہوتی آرہی ہے۔ای اِنک کو کار پر کیے جانے والے رنگ و روغن میں اس طرح شامل کرنا کہ وہ خراب نہ ہو اور پھر کار کی باڈی میں ضروری تبدیلیاں کرنا تاکہ

ضرورت پڑنے پر ای اِنک کی رنگت تبدیل کی جاسکے، دونوں ہی اپنی اپنی جگہ بہت مشکل کام تھے جنہیں بی ایم ڈبلیو سے وابستہ انجینئروں کی ٹیم نے برسوں کی محنت کے بعد بالآخر کامیابی سے مکمل کرلیا۔اس سب کے باوجود بی ایم ڈبلیو آئی ایکس فلو صرف سفید سے سیاہ یا سیاہ سے سفید رنگ ہی تبدیل کرسکتی ہے کیونکہ اب تک ای اِنک صرف ان ہی رنگوں میں دستیاب ہیں (اور اسی وجہ سے اب تک ای بکس بھی رنگین نہیں بنائی جاسکی ہیں)۔سرِدست یہ نہیں معلوم کہ اس کار کی قیمت کیا ہے اور یہ کب تک فروخت کیلیے دستیاب ہوگی۔البتہ اس بارے میں بی ایم ڈبلیو گروپ کا کہناتھا کہ فی الحال یہ ٹیکنالوجی کا عملی مظاہرہ (ٹیکنالوجی ڈیمانسٹریٹر)ہے جس کے مارکیٹ تک پہنچنے سے متعلق ابھی کچھ بھی نہیں کہا جاسکتا۔