پنجاب اور خیبرپختونخواہ کے وزرائے اطلاعات میں لفظی جنگ؛ عظمیٰ بخاری اور شفیع جان آمنے سامنے

یہ زبان اور حرکتیں جنگلیوں کی ہی ہوسکتی ہیں، پختون تو عورتوں کی عزت کرنے والے لوگ ہیں، یہ گھٹیا ذومعنی جملے اس موصوف کی تربیت دکھاتے ہیں؛ مریم نواز سے متعلق شفیع جان کے بیان پر عظمیٰ بخاری کا سخت ردعمل


لاہور(قدرت روزنامہ)خیبرپختونخواہ اسمبلی کے اجلاس کے دوران صوبائی وزیرِ اطلاعات شفیع جان کی جانب سے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے متعلق دیئے گئے بیان پر پنجاب کی صوبائی وزیرِ اطلاعات عظمیٰ بخاری کا شدید ردِعمل سامنے آیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخواہ اسمبلی کے اجلاس میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے وزیرِ اطلاعات شفیع جان نے وزیراعلیٰ پنجاب کے سابقہ بیانات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ مریم نواز نے الزام عائد کیا تھا کہ دورہ لاہور کے دوران وزیراعلیٰ سہیل آفریدی گاڑیوں سے کبھی اترتے اور کبھی چڑھتے ہیں، جس پر طنز کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اترنے اور چڑھنے کا یہ انداز اور خصوصیت ان کا اپنا ہو سکتا ہے ہمارا نہیں۔


خیبرپختونخواہ کے وزیر کے اس بیان پر مسلم لیگ ن کی رہنما اور پنجاب کی وزیرِ اطلاعات عظمیٰ بخاری نے سخت الفاظ میں جواب دیا ہے، عظمیٰ بخاری نے شفیع جان کے الفاظ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پشتون قوم ہمیشہ سے عورتوں اور چادر و چاردیواری کا احترام کرنے والی معزز قوم رہی ہے، تاہم اس قسم کے الفاظ اور گھٹیا ذومعنی گفتگو کسی بھی طور پر سیاسی اخلاقیات سے میل نہیں کھاتی، ایسی زبان کا استعمال متعلقہ شخص کی شخصی اور خاندانی تربیت کو ظاہر کرتا ہے اور انہیں اس قسم کی گفتگو سن کر موصوف کے گھر کی خواتین سے دلی ہمدردی محسوس ہوتی ہے۔

WhatsApp
Get Alert