حرا مانی کی سابق منیجر نزہت عابد نے اداکارہ پر سنگین ترین الزام عائد کر دیا

کراچی(قدرت روزنامہ) اداکارہ حرا مانی کی سابق مینجر نزہت عابد جعفری نے ان پر دھمکیاں دینے اور تشدد کرنے کا الزام لگایا ہے۔حرامانی کی سابق منیجر نزہت جعفری نے مقامی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے انکشاف کیا کہ حرامانی نے انہیں گالیاں دیں اور تشدد کا نشانہ بنایا۔ دونوں کے درمیان جھگڑے کی وجہ حرا مانی کا ذہنی تناؤ بنا۔ کئی بڑے پروجیکٹس میں کام نہ ملنے پر اداکارہ حرا مانی ذہنی تناؤ کا شکار تھیں۔
نزہت جعفری نے بتایا کہ میں نے حرا مانی کے ساتھ تقریباً 3 سال تک کام کیا ہے۔ جھگڑے کی وجہ یہ بنی کہ جب پروفیشنلی کام آپ کے ہاتھ میں نہیں آتا اور جو آپ سوچ رہے ہوتے ہیں لیکن چیزیں آپ کے مطابق نہیں ہوتیں تو آپ بلبلا جاتے ہیں۔
اتفاق سے کچھ پروجیکٹس ایسے تھے جیسے آئی ایس پی آر وغیرہ کے اور کچھ گانوں میں حرا مانی کو نہیں لیا گیا، اس کے علاوہ ایک ایوارڈ بھی تھا جو اداکارہ کو نہیں ملا تو اس کا بھی غصہ انہوں نے مجھ پر نکالا۔ حرا مانی کی سابق مینجر نے کہا کہ مجھے کوئی دھمکیاں نہیں دے سکتا اور اگر میں غلط ہوں تو مجھے سزا ملے۔مقامی میڈیا کے مطابق نزہت جعفری نے اداکارہ حرا مانی کے خلاف کراچی پولیس میں شکایت بھی درج کروائی ہے۔ پولیس نے سابق مینجر سے تمام کوائف اور ثبوت مانگے ہیں۔