امریکی مڈٹرم الیکشن میں متعدد پاکستانی امریکن امیدواروں کی شاندار کامیابیاں

پنسلوانیا سے مریم صبیح کامیاب، کنیکٹیکٹ سے سعود انور کی دوبارہ فتح، ٹیکساس میں پاکستانی نژاد رہنماؤں کا غلبہ، سلمان بھوجانی اور سلیمان لالانی جیت گئے، جارجیا سے فاروق مغل ریاستی اسمبلی میں پہنچ گئے


واشنگٹن(قدرت روزنامہ)امریکہ میں منعقد ہونے والے وسط مدتی انتخابات کے دوران جہاں ملکی سطح پر اہم سیاسی تبدیلیاں رونما ہو رہی ہیں وہیں تارکینِ وطن کے لیے بھی یہ انتخابات انتہائی خوش آئند ثابت ہوئے ہیں، امریکی مڈٹرم الیکشن میں متعدد پاکستانی نژاد امریکی امیدواروں نے شاندار کامیابیاں حاصل کرکے ریاستی اسمبلیوں اور سینیٹ میں اپنی نشستیں پکی کرلی ہیں۔
غیر حتمی اور غیر سرکاری انتخابی نتائج کے مطابق ریاست پنسلوانیا کی ریاستی اسمبلی سے پاکستانی نژاد ڈیموکریٹ امیدوار مریم صبیح نے سینیٹ ڈسٹرکٹ 2 سے کامیابی حاصل کرچکی ہیں، ان کی اس فتح کو پنسلوانیا کی سیاست میں پاکستانی برادری کے بڑھتے ہوئے سیاسی اثر و رسوخ کی ایک بڑی علامت قرار دیا جا رہا ہے، اسی طرح کنیکٹیکٹ سے تعلق رکھنے والے معروف پاکستانی امریکن رہنما سعود انور ایک بار پھر ریاستی سینیٹ ڈسٹرکٹ 3 سے جیت حاصل کرنے میں کامیاب ہوچکے ہیں اور دوبارہ رکن منتخب ہوئے ہیں، جو کہ ان کی اپنے حلقے میں عوامی خدمات کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
بتایا گیا ہے کہ ریاست ٹیکساس میں بھی پاکستانی نژاد امیدواروں نے میدان مار لیا ہے، ٹیکساس کی ریاستی اسمبلی کے انتخابات میں سلمان بھوجانی نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ 92 سے 67 فیصد بھاری ووٹوں کے ساتھ ایک بار پھر کامیابی حاصل کی ہے، ان کے ساتھ ساتھ ایک اور پاکستانی امریکن رہنما سلیمان لالانی نے بھی ٹیکساس کے ڈسٹرکٹ 76 سے ریاستی اسمبلی کے انتخابات میں 67 فیصد ووٹ لے کر شاندار فتح اپنے نام کی اور دوبارہ منتخب ہو کر ایوان میں پہنچ گئے۔
مزید برآں ریاست جارجیا کے ڈسٹرکٹ 105 میں بھی پاکستانی نژاد امیدوار فاروق مغل نے زبردست کامیابی حاصل کی، انہوں نے 60.8 فیصد ووٹ حاصل کرکے ریاستی اسمبلی کی نشست پر شاندار فتح حاصل کی اور مخالف امیدواروں کو پچھاڑ دیا، امریکی مڈٹرم انتخابات میں پاکستانی امریکن امیدواروں کی یہ مسلسل کامیابیاں اس بات کا ثبوت ہیں کہ امریکہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی اب محض ووٹرز تک محدود نہیں رہی بلکہ وہ خود ملکی سیاست اور پالیسی سازی کے عمل میں کلیدی کردار ادا کرنے کی پوزیشن میں آ چکی ہے۔

WhatsApp
Get Alert