افسر شاہی کی غفلت اور انتظامی نااہلی کے باعث کوئٹہ شہر مسائل کی آماجگاہ بن چکا ہے، جمعیت علمائے اسلام


کوئٹہ (قدرت روزنامہ)جمعیت علما اسلام ضلع کوئٹہ کے امیر شیخ الحدیث مولانا عبدالرحمن رفیق، سیکرٹری جنرل حاجی عین اللہ شمس، سینئر نائب امیر مولانا خورشید احمد، سیکرٹری مالیات حاجی صالح محمد، مفتی رضا خان، سیٹھ اجمل بازئی، میر حشمت لہڑی، حاجی ظفراللہ کاکڑ، میر سرفراز شاہوانی، سالار مولانا علی جان، مولانا سید سعداللہ آغا اور مولانا نقیب اللہ ملاخیل نے کہا ہے کہ افسر شاہی کی غفلت اور انتظامی نااہلی کے باعث کوئٹہ شہر مسائل کی آماجگاہ بن چکا ہے۔ عوام گیس، بجلی اور پانی کی قلت، صفائی و ستھرائی کی ابتر صورتِ حال اور ٹوٹ پھوٹ کا شکار سڑکوں سمیت دیگر بنیادی مسائل سے دوچار ہیں لیکن حکومت اور متعلقہ انتظامی ادارے عوام کو درپیش ان سنگین مشکلات کے ازالے کے لیے سنجیدہ اقدامات کرتے دکھائی نہیں دے رہے۔انہوں نے کہا کہ سرکاری دفاتر میں عوامی مسائل کے حل کے بجائے شہریوں کو غیر ضروری دفتری پیچیدگیوں اور مسلسل انتظار کی اذیت سے دوچار کیا جا رہا ہے۔ متعلقہ افسران کی دفاتر میں غیر یقینی حاضری اور عوام سے ملاقات کے لیے مقررہ اوقات کی پابندی نہ ہونے کے باعث سائلین کو بار بار سرکاری دفاتر کے چکر لگانے پڑتے ہیں۔ شہری صبح سے شام تک متعلقہ حکام کی راہ تکتے رہتے ہیں لیکن اکثر ملاقات اور شنوائی کی نوبت ہی نہیں آتی۔ عوامی مسائل سننے اور ان کے ازالے کی ذمہ داری نبھانے کے بجائے سائلین سے روگردانی اور انہیں انتظار کی اذیت میں مبتلا رکھنا سرکاری منصب اور عوامی خدمت کے بنیادی تقاضوں کے منافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری افسران عوام کے ٹیکسوں سے تنخواہیں اور مراعات حاصل کرتے ہیں ان پر لازم ہے کہ وہ اپنی ذمہ داریاں دیانت داری احساسِ ذمہ داری اور عوامی خدمت کے جذبے کے ساتھ انجام دیں۔

WhatsApp
Get Alert