لسبیلہ میں اغوا اور قتل کا جرم ثابت، مجرم اللہ بخش کو سزائے موت اور 10 لاکھ روپے جرمانہ
عظیم خان رونجھو قتل کیس کا فیصلہ، فروری 2025 میں قتل کرنے والے مجرم کو پھانسی کی سزا

اوتھل(قدرت روزنامہ) لسبیلہ میں اغوا اور قتل کے سنگین مقدمے کا فیصلہ سنا دیا گیا، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج لسبیلہ نے جرم ثابت ہونے پر مجرم اللہ بخش کو سزائے موت اور 10 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنادی۔لسبیلہ پولیس کے مطابق 13 نومبر 2026 کو ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج لسبیلہ بمقام اوتھل کی عدالت نے تھانہ بیلہ میں درج مقدمہ نمبر 11/2025 کا فیصلہ سنایا۔ مقدمے میں اللہ بخش ولد مولا بخش سکنہ آچوانی گوٹھ بیلہ کو اغوا اور قتل کے الزامات ثابت ہونے پر سزائے موت اور 10 لاکھ روپے جرمانے کی سزا دی گئی۔پولیس کے مطابق مجرم نے فروری 2025 میں عظیم خان رونجھو کو اغوا کرنے کے بعد پہلے کلہاڑی کے وار سے زخمی کیا اور بعد ازاں فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا۔ پولیس نے تفتیش کے دوران مقتول کی کئی روز پرانی لاش ایک ویران کنویں سے برآمد کی تھی۔مقدمے کی تفتیش انسپکٹر نصراللہ رونجھو اور اسسٹنٹ سب انسپکٹر اکبر موسی نے کی، جبکہ عدالت میں مقدمے کی پیروی اسسٹنٹ ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر محمد اعجاز مینگل، سب انسپکٹر محمد عثمان شیخ، اسسٹنٹ سب انسپکٹر مجاہد علی، ہیڈ کانسٹیبل اصغر علی اور کانسٹیبل قاضی عبدالغفور نے کی۔لسبیلہ پولیس کے مطابق جدید تفتیشی طریقوں اور تکنیکی شواہد کی مدد سے ملزم کے خلاف ٹھوس ثبوت جمع کرکے عدالت میں پیش کیے گئے، جس کے نتیجے میں عدالت نے جرم ثابت ہونے پر سزا سنائی۔اس موقع پر ایس ایس پی لسبیلہ نے کہا کہ قانون سے کوئی بالاتر نہیں، سنگین جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی اور مظلوموں کو انصاف کی فراہمی پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ایس ایس پی نے مقدمے کی کامیاب تفتیش اور عدالتی پیروی کرنے والے افسران و اہلکاروں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں تعریفی اسناد دینے کا اعلان بھی کیا۔
