پی ٹی آئی اور جنرل باجوہ میں اس بات پر اتفاق تھا کہ عثمان بزدار کو ہٹا دینا چاہئے، فواد چوہدری


اسلام آباد (قدرت روزنامہ) سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی اور جنرل باجوہ میں اس بات پر اتفاق تھا کہ عثمان بزدار کو ہٹا دینا چاہئے، لیکن عمران خان دوسری طرف تھے، ہماری سیاسی جماعتوں کا بڑا مسئلہ یہ ہے کہ ملک میں جمہوریت چاہتی ہیں جبکہ پارٹی کے اندر ڈکٹیٹرشپ چاہتی ہیں۔
انہوں نے اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب کی خواہش ہے کہ ملک میں تبدیلی آجائے ، شفاف الیکشن ہوں، صحافت آزاد ہوجائے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ ہماری سیاسی جماعتیں جو ہیں، ان کا بڑا مسئلہ یہ ہے کہ ملک میں جمہوریت چاہتی ہیں جبکہ پارٹی کے اندر ڈکٹیٹرشپ چاہتی ہیں، لیاقت علی خان اور خواجہ ناظم الدین نے مسلم لیگ کو جمہوری نہیں ہونے دیا، اس کے بعد ذوالفقار بھٹو نے پیپلزپارٹی کو جمہوری نہیں ہونے دیا، نوازشریف نے ن لیگ کو پارٹی نہیں بنایا۔
اسی طرح عمران خان نے بھی تحریک انصاف کوبھی اس طرح سے پارٹی نہیں بنایا۔


فواد چوہدری نے کہا کہ ایک بار جنرل باجوہ کے ساتھ بیٹھے تھے، پی ٹی آئی اور جنرل باجوہ میں اس بات پر اتفاق تھا کہ عثمان بزدار کو ہٹا دینا چاہئے،لیکن عمران خان کا مئوقف دوسری طرف تھے۔ بالآخر عمران خان نے تنگ آکر جنرل باجوہ کو کہا کہ اصل میں آپ کو پتا نہیں ہے، میں نے سیاست میں 20 سال لگائے ہیں، آپ کو اس طرح سے سیاست کی سمجھ نہیں ہے۔
پھر جنرل باجوہ نے کہا کہ آپ فکر نہ کریں ہم نے 70سال لگائے ہیں تو ہمیں زیادہ سمجھ ہے۔
مزید برآں فواد چوہدری نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ وفاق اور پنجاب میں نون لیگ کی حکومت ہے حالت یہ ہے کہ مریم نواز اور ان کی کابینہ اراکین دو وفاقی وزراء کے خلاف دن رات ایک کئے ہوئے ہیں لیکن ان کے خلاف کچھ کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتے، فارم 47 پر آنے کی مجبوری پھر ایسی ہی ہوتی ہے نہ لانے کا اختیار نہ گھر بھیجنے کا اختیار بس عدت گزارو۔۔

WhatsApp
Get Alert