بینظیر انکم سپورٹ لینے والی خواتین ہوشیار! اب رقم ملنے کا طریقہ بدل گیا

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) نے ملک بھر کی مستحق خواتین کے لیے امدادی رقم وصول کرنے کا نیا طریقہ متعارف کرا دیا ہے، جس کے تحت اب خواتین 6 مختلف بینکوں اور مالیاتی اداروں میں سے اپنی پسند کے کسی بھی ذریعے سے رقم وصول کرسکیں گی۔
تفصیلات کے مطابق بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی جانب سے نیا باہمی ادائیگی کا نظام متعارف کرایا گیا ہے، جبکہ اس نظام کے تحت پہلی قسط کی ترسیل بھی شروع کردی گئی ہے۔ نئے نظام کا مقصد مستحق خواتین کو مالی امداد کی وصولی میں مزید سہولت فراہم کرنا اور ادائیگی کے عمل کو شفاف بنانا ہے۔
نئے طریقہ کار کے تحت مستحق خواتین حبیب بینک لمیٹڈ، ایچ بی ایل مائیکرو فنانس بینک، ایزی پیسہ، جاز کیش، بینک الفلاح اور بینک آف پنجاب میں سے کسی بھی ادائیگی کے ذریعے اپنی امدادی رقم وصول کرسکیں گی۔
بی آئی ایس پی حکام کے مطابق اس نظام کے ذریعے خواتین کو اپنی مرضی کا ادائیگی کا ذریعہ منتخب کرنے کی سہولت حاصل ہوگی، جبکہ طویل قطاروں سے نجات اور امدادی رقم سے غیر قانونی کٹوتیوں کی روک تھام میں بھی مدد ملے گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ نئے نظام سے ادائیگی کے عمل میں شفافیت اور جوابدہی کو بہتر بنایا جائے گا، تاکہ مستحق خواتین کو ان کی مالی امداد بغیر کسی غیر ضروری پریشانی کے فراہم کی جاسکے۔
نئے ادائیگی نظام کے اجرا کے موقع پر چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد سے ملاقات کی، جس میں ایڈیشنل سیکرٹری بی آئی ایس پی ڈاکٹر عصمت نواز بھی موجود تھیں۔
ملاقات کے دوران نئے ادائیگی نظام کے نفاذ اور مستقبل کے لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر سینیٹر روبینہ خالد نے ڈیجیٹل بینکاری نظام کی تیاری اور 6 ادائیگی شراکت داروں کو اس نظام میں شامل کرنے کے لیے رہنمائی فراہم کرنے پر اسٹیٹ بینک کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مستحق خواتین کو باوقار اور شفاف انداز میں مالی امداد کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے اسٹیٹ بینک اور دیگر شراکت دار اداروں کے ساتھ تعاون جاری رکھا جائے گا۔
